ورلڈ بینک کا منجمد افغان فنڈز سے 28 کروڑ ڈالر جاری کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 3 دسمبر 2021
ورلڈ بینک کے پاس افغانستان کے 1 ارب 50 کروڑ ڈالر ہیں، فوٹو: فائل

ورلڈ بینک کے پاس افغانستان کے 1 ارب 50 کروڑ ڈالر ہیں، فوٹو: فائل

 واشنگٹن: ورلڈ بینک نے افغانستان کے منجمد فنڈز میں سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 28 کروڑ ڈالر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے عالمی فلاحی ادارے افغان عوام کی مدد کرسکیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ بینک نے افغانستان میں سردی کے موسم کے آغاز سے پناہ گزین کیمپوں میں درپیش مشکلات، خشک سالی اور بھوک و افلاس جیسے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے 28 کروڑ ڈالر منجمد امدادی فنڈز عالمی فلاحی اداروں کو منتقل کرنے کی حمایت کردی۔

امریکا اور اقوام متحدہ کی ہدایت پر رواں ہفتے ہونے والے ورلڈ بینک کے بورڈ کے اجلاس میں اے آر ٹی ایف کے 1 ارب 50 کروڑ ڈالر میں سے 50 کروڑ ڈالر جاری کرنے کے لیے اجلاس ہوا تھا۔

اجلاس میں ورلڈ بینک نے 28 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی حمایت کی تھی تاہم اس کی منظوری ورلڈ بینک فنڈز کے 31 ڈونرز سے لینا لازمی ہوگی۔ منظوری کے بعد 28 کروڑ ڈالر کی رقم ورلڈ فوڈ پروگرام اور یونیسیف کو منتقل کیے جائیں گے۔

ورلڈ فوڈ پروگرام اور یونیسیف یہ رقم افغانستان میں غربت، بھوک اور وبائی امراض جیسے سنگین مسائل سے نمٹنے کے لیے استعمال کریں گی۔ اقوام متحدہ پہلے ہی خبردار کر چکی کہ تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ افغانیوں کو بھوک کا سامنا ہوسکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔