ایران کے جوہری پلانٹ کے نزدیک میزائل تجربے کے دوران زوردار دھماکا

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 دسمبر 2021
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

نطنز: جوہری تنصیبات کے لیے مشہور ایرانی شہر نطنز میں فضائی دفاع سے متعلق ایک تجربے کے دوران نیوکلیئر پلانٹ کے نزدیک زوردار دھماکا ہوا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے شہر نطنز میں ایک بڑے اور خوفناک دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں ایران کے متعدد جوہری تنصیبات ہیں۔

عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکا نطنز میں جوہری پلانٹ کےنزدیک ہوا جس کے بعد آسمان میں چمکدار روشنی کو پھیلتے ہوئے دیکھا گیا۔ دھماکے میں جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان جنرل امیر ترخانی نے سرکاری ٹیلی ویژن پر اپنے بیان میں عوام کو پُرسکون رہنے کی تاکید کرتے ہوئے بتایا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔

جنرل امیر ترخانی کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے میں ایک گھنٹہ پہلے ہمارے ایک میزائل سسٹم کا زمین پر تیاری کا تجربہ کیا گیا تھا۔ دھماکے کی آواز اسی کی تھی جس سے کسی کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ یہ دھماکا ہوا اُس وقت ہوا ہے جب کہ ایران اور امریکا کی عالمی جوہری معاہدے میں واپسی میں کے لیے ویانا میں ہونے والا مذاکرات کا دوسرا دور تاحال بے نتیجہ ثابت ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔