فتح کے لیے پرُعزم پاکستان انڈر 19 ٹیم دبئی پہنچ گئی

ورلڈ کپ کے لیے بھرپور محنت کی، غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کرینگے، سمیع


Sports Reporter February 09, 2014
جونیئر قومی ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 15 فروری کو کھیلے گی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے یواے ای روانہ ہوگئی،ایئر پورٹ پرگفتگو میں کپتان سمیع اسلم نے کہا کہ کھلاڑی پر میچ میں بھرپور جوش اور جذبہ کیساتھ فتح کا عزم لیے میدان میں اترینگے۔

منیجر علی ضیا نے کہا کہ میگا ایونٹ کی تیاری کیلیے سخت محنت سے اپنی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کی ہے، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کیلیے جان لڑا دینگے۔ تفصیلات کے مطابق شیڈول جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے قومی انڈر19 ٹیم ہفتہ کو متحدہ عرب امارات پہنچ گئی۔کپتان سمیع اسلم کی قیادت میں لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے روانہ ہونے والے کھلاڑیوں میں امام الحق،کامران غلام، حسن رضا، سعود شکیل، عمران رفیق، امیر حمزہ، ضیاء الحق، عرفان اللہ، محمد آفتاب، سلما ن سعید، ظفر گوہر، کرامت علی، وکٹ کیپر سیف اللہ بنگش اور محمد عمیر شامل تھے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تربیتی کیمپ کے دوران بیٹنگ، بولنگ اورفیلڈنگ کی خصوصی مشقوں کے ساتھ افغانستان کیخلاف 3 مقابلوں سمیت کئی پریکٹس میچز کھیلنے کے بعد قومی کرکٹرز میگا ایونٹ کیلیے تیاریوں کو مکمل خیال کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھانے کیلیے بیتاب نظر آئے۔

 photo 2_zps588737d8.jpg

کپتان سمیع اسلم نے کہا کہ کھلاڑی ہر میچ میں بھرپور جوش اور جذبے کے ساتھ کھیلتے ہوئے فتح کا عزم لے میدان میں اتریں گے، یو اے ای کی کنڈیشنز ہمارے لیے ساز گار ہیں، بھارت، جنوبی افریقہ اور سری لنکا جیسی مضبوط ٹیموں سے سخت مقابلہ ہوگا لیکن کسی حریف کا دبائو قبول کئے بغیر بہترین کارکردگی سے ٹائٹل کی جانب قدم بڑھائیں گے۔ منیجر علی ضیا نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے،کیمپ کے دوران ٹیم کے ہرکھلاڑی نے اپنی خامیاں درست کرنے کیلیے بہت محنت کی،اچھی تیاری کے ساتھ جارہے ہیں، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کیلیے جان لڑا دینگے۔ یادرہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز14 فروری کو ہوگا، گروپ اے میں شامل گرین شرٹس کو بھارت، پاپوا نیو گینی اور سکاٹ لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا۔ قومی ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 15 فروری کو کھیلے گی۔