ایران پر حملے کی تیاری پر امریکا کو بھی اعتماد میں لیا ہے، اسرائیل

ویب ڈیسک  اتوار 12 دسمبر 2021
ایران امریکا کو بیوقوف بنا رہا ہے، اسرائیلی وزیر دفاع

ایران امریکا کو بیوقوف بنا رہا ہے، اسرائیلی وزیر دفاع

فلوریڈا: اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اپنی فضائیہ کو ایران پر حملے کے لیے تیاری کا حکم دیدیا ہے اور اس سے امریکا کو بھی آگاہ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع بینی گنٹز نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں ہونے والی امریکی وزیر دفاع سے ملاقات میں اسرائیلی فضائیہ کی ایران پر حملے کی تیاری سے آگاہ کردیا ہے۔

فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیر دفاع بینی گنٹز کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں امریکی حکام نے اسرائیلی مؤقف کی تائید کی اور ایران کے دنیا کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہونے پر اتفاق کیا۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کا ایران کے جوہری تنصیبات پر حملے کیلیے فضائی مشقوں کا آغاز 

اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عالمی جوہری معاہدے پر تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے جس کا ذمہ دار ایران کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے اور ایران جوہری معاہدے پر امریکا سے کھیل کھیل رہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیل، امریکا نے ایران پر حملے کا منصوبہ بنا لیا، یہودی میڈیا کا انکشاف 

اسرائیلی وزارت دفاع کے ایک اہم عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ وزیر دفاع بینی گنٹز نے اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن کو ایران پر حملے کی ’’ٹائم لائن‘‘ سے بھی آگاہ کیا۔

ایک روز قبل اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اور یورپی ممالک کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ایران جوہری مذاکرات کو سبوتاژ کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان عالمی جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے مذاکرات کا دوسرا دور ویانا میں جاری ہے تاہم اب تک کوئی مثبت پیشرفت ہوسکی ہے جب کہ اسرائیل جوہری معاہدے میں امریکا کی واپسی کے خلاف ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔