نواز شریف بھٹو پر تنقید کے بجائے معیشت بہتر بنائیں غنویٰ بھٹو

شہید بھٹونے انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے 22خاندانوں کی اجارہ داری ختم کی تھی


Staff Reporter February 10, 2014
امیر سے امیرتر اور غریب غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے،چیئرمین پرسن پی پی شہید بھٹو۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی (شہیدبھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے جمہوری وزیر اعظم قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے کے بجائے نواز شریف کو ملکی معیشت کی ابتر صورتحال کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں جو اب تک ماضی کی طرح عالمی اداروں کے سامنے ملک کو گروی رکھنے اور امیر کو امیر تر اور غریب کو غریب تر بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

اتوار کو 70کلفٹن پر پارٹی پنجاب کے آرگنائزر علی حسن چشتی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھٹونے 1970 میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں خصوصاً پنجاب سے بھاری تعداد میں کامیابی حاصل کی تھی اس کی بنیاد ان کے انتخابی منشور کا وہ نکتہ ہے جس کے مطابق ملک میں سوشلسٹ معیشت کاقیام عمل میں لایا جائے گا اور معیشت پر 22 خاندانوں کی اجارہ داری کا خاتمہ کیا جائے گا۔

 photo 2_zpsc6cacf30.jpg

جو قومی دولت کو لوٹنے میں مصروف ہیں اور امیر سے امیرتر اور غریب غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے اور ان کا واحد علاج یہ ہے کہ بھاری صنعتوں کو قومی تحویل میں دیدیا جائے اور اسی نکتے پر پاکستان کے عوام نے انھیں عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا تھا اور جب شہید بھٹو عوام کی اکثریت کی حمایت سے اقتدار میں آئے تو انھوں نے اپنا وعدہ پورا کیا اور ملکی اقتصادیات پر مسلط 22 خاندانوں کی اجارہ داری ختم کی اور قومیائے گئے منفعت بخش صنعتی اداروں سے پاکستان کے خزانے میں کثیر رقم جمع کی گئی۔