حکومت کی جانب سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے اکثریتی حصص کی خریداری کیلیے 8 پاکستانی اور 4 غیر ملکی کمپنیوں سمیت مجموعی طور پر 12گروپس نے اظہارِدلچسپی جمع کرادیا۔
نجکاری کمیشن کے مطابق وفاقی کابینہ نے ملک کی تین منافع بخش بجلی تقسیم کارکمپنیوں، فیسکو،گوجرانوالہ الیکٹرک پاورکمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) میں اکثریتی یامکمل حصص فروخت کرنے کی منظوری دے رکھی ہے۔
فیسکوکی نجکاری کیلیے یہ ایک دہائی بع دپہلی سنجیدہ پیش رفت ہے، کیونکہ 2016 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بولی سے قبل ہی اس عمل کوروک دیا تھا۔اظہارِ دلچسپی جمع کرانے والے پاکستانی سرمایہ کاروں میں میاں محمد منشا کی نشاط ملز اور سہگل خاندان کی پاک الیکٹرون لمیٹڈکاکنسورشیم شامل ہے، اس کے علاوہ میپل لیف سیمنٹ،کوہِ نور ٹیکسٹائل، اینگرو انرجی،سیفائر فائبرز،حب پاور ہولڈنگز،لکی سیمنٹ، شیرازی انویسٹمنٹس اور آرٹسٹک ملینرز نے بھی فیسکوکی خریداری میں دلچسپی ظاہرکی ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں میں ترکیہ کی 3 کمپنیاں،جبکہ چین کی جیانگ شی الیکٹرک پاور کنسٹرکشن کمپنی شامل ہیں،کے الیکٹرک نے بھی دستاویزات جمع کرادی ہیں۔نجکاری کمیشن کاکہناہے کہ فیسکو کیلیے تکنیکی اور مالی طور پر اہل قرار دیے جانے والے سرمایہ کار بعدازاں گیپکو اورآئیسکو کی نجکاری کے عمل میں بھی حصہ لے سکیں گے،جس سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہواہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمدعلی نے کہاکہ فیسکو میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی پاکستان کے بجلی تقسیم کار شعبے پر اعتماداور حکومت کے شفاف نجکاری عمل کی عکاس ہے، نجکاری سے آپریشنل کارکردگی بہتر ہوگی، تقسیمی نظام جدید بنایاجائیگا، لائن لاسز میں کمی آئیگی،صارفین کو بہترخدمات ملیں گی،تاہم بعض ماہرین نے حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کوکم ازکم 13 فیصدمنافع کی ضمانت دینے کی تجویز پر تحفظات کااظہارکیاہے۔
ان کے مطابق اس سے مسابقت متاثر ہوسکتی ہے، نجکاری کے بعد بھی اگر ملک بھر میں یکساں بجلی نرخ برقراررکھے گئے توحکومتی سبسڈی کابوجھ بدستور برقراررہے گا۔نجکاری کمیشن کے مطابق موصول ہونیوالے اظہارِدلچسپی اور اسٹیٹمنٹس آف کوالیفکیشن کاجائزہ لیاجائیگا۔
مقررہ معیار پر پورا اترنے والی کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کرکے ورچوئل ڈیٹاروم تک رسائی دی جائیگی، تاکہ وہ تفصیلی جانچ پڑتال مکمل کرسکیں۔فیسکوکے مالی اعدادوشمارکے مطابق جون 2025 تک کمپنی کے مجموعی اثاثے 410۔3 ارب روپے، جبکہ واجبات 347 ارب روپے تھے،کمپنی کی خالص مالیت 63 ارب رہی،جبکہ بعد از ٹیکس منافع 9۔4 ارب روپے ریکارڈکیاگیا۔