کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایدھی سینٹر میں 65 لاکھ 49 ہزار 597 روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ ایدھی سینٹر کے ملازم مظہر عباس کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ مقدمے کے متن کے مطابق واردات جمعہ کی شام تقریباً 4 بجے پیش آئی۔
متن کے مطابق چار ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر ایدھی سینٹر پہنچے جن میں سے تین ملزمان اندر داخل ہوئے اور واردات کی جبکہ ایک ملزم باہر کھڑا رہا، ملزمان ایدھی سینٹر سے مجموعی طور پر 65 لاکھ 49 ہزار 597 روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگانے کا حکم دیا اور کہا کہ ایدھی سینٹر غریبوں اور لاوارثوں کا سہارا ہے، ایسے ادارے میں ڈکیتی ناقابل قبول ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ایدھی انتظامیہ سے فوری رابطے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی فوری جانچ پڑتال کرکے ملزمان کو انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔