حکومت سے مذاکرات ناکام،گڈز ٹرانسپورٹرز کا آج سے غیرمعینہ مدت کیلیے ہڑتال کا اعلان

وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سنجیدہ نہیں ہیں ہم اپنے ملک گیر ہڑتال کے فیصلے پر قائم ہیں،ملک شہزاد اعوان


اسٹاف رپورٹر August 07, 2026

کراچی:

وفاقی حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے آج سے غیرمعینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان کردیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کے مطابق جمعے کو وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے،وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سنجیدہ نہیں ہیں ہم اپنے ملک گیر ہڑتال کے فیصلے پر قائم ہیں،آج بروز ہفتہ 8 اگست سے ملک گیر ہڑتال کر رہے ہیں جو غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر مواصلات سیکرٹری مواصلات،چئیرمین این ایچ اور آئی جی موٹروے مذاکرات میں شامل تھے، سندھ حکومت کی جانب سے کمشنر کراچی سیکرٹری ٹرانسپورٹ سیکرٹری ایکسائز،ڈی آئی ٹریفک،ڈی آئی ڈرائیونگ لائسنس،پی ٹی اے اور آر ٹی اے سیکرٹریز مذاکرات میں موجود تھے، تاہم وفاقی وصوبائی حکومتوں سے ملاقاتوں میں گڈزٹرانسپورٹرزکے دیرینہ مطالبات کا حل تلاش نہیں کیا جاسکا۔

ملک شہزاد اعوان  نے کہا کہ مطالبات کا حل تلاش نہ کیے جانے پر آج سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال پر جارہے ہیں۔