کراچی: مختلف علاقوں میں 3 مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، زخمی سمیت 3 گرفتار

 پولیس نے تلاش ڈیوائس کے ذریعے ہلاک ملزم کی شناخت کی


اسٹاف رپورٹر August 08, 2026
فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیوں کے دوران 3 مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ڈاکو  ہلاک جبکہ زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ 

ترجمان ضلع سی سینٹرل پولیس کے مطابق لیاقت آباد تھانے کی حدود بی ایریا اسٹوڈنٹ گراؤنڈ کے قریب پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم سمیر عرف کالا ولد عارف ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

 پولیس نے تلاش ڈیوائس کے ذریعے ہلاک ملزم کی شناخت کی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول، 4 زندہ راؤنڈ، ٹیکنو اسپارک موبائل فون اور 530 روپے نقد برآمد ہوئے جبکہ ملزم کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی، جو لیاقت آباد تھانے کے مقدمے میں چوری شدہ نکلی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تلاش ڈیوائس کے ذریعے ہلاک ملزم کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا، جس کے مطابق سمیر عرف کالا کے خلاف مختلف تھانوں میں پولیس مقابلے، اقدام قتل، غیر قانونی اسلحے، ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر جرائم کے 19 مقدمات درج تھے۔

دوسری جانب خواجہ اجمیر نگری پولیس نے ریحمانیہ موڑ، نارتھ کراچی سیکٹر 5-B/3 کے اندرون روڈ پر مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عبداللہ ولد محمد نبی زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی عبدالرحمن ولد شیخ نسیم بھی فرار ہونے کی کوشش کے دوران  گرفتار کرلیا گیا۔

 پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، 3 موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کے سابقہ کریمنل ریکارڈ سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

 ادھر بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن بلاک 1 اتوار بازار کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ترجمان ضلع ساؤتھ پولیس کے مطابق دوران گشت مشتبہ موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کردی، جس پر پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم زخمی ہوگیا۔زخمی گرفتار ملزم کی شناخت محمد طلحہ عرف علی ولد محمد ریحان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے پستول بمعہ راؤنڈز اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کرنے سمیت واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔