منی لانڈرنگ کیس؛ جیکولین کے کیریئر پر برے سائے منڈلانے لگے

ویب ڈیسک  جمعرات 16 دسمبر 2021
سکیش چندر شیکھر کے ساتھ نام سامنے آنے کے بعد جیکولین کو فلم سے ہاتھ دھونا پڑگیا، بھارتی میڈیا فوٹوفائل

سکیش چندر شیکھر کے ساتھ نام سامنے آنے کے بعد جیکولین کو فلم سے ہاتھ دھونا پڑگیا، بھارتی میڈیا فوٹوفائل

ممبئی: اداکارہ جیکولین فرنینڈس کا منی لانڈرنگ کیس میں ملوث دھوکے باز شخص سکیش چندرشیکھر کے ساتھ تعلقات کا اثر ان کے کیر یئر پر بھی پڑنے لگا ہے جس کی وجہ سے ان کا کام متاثر ہورہا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں ملوث سکیش چندر شیکھر کے ساتھ تعلقات اور اس سے کروڑوں روپے کے تحائف لینے کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے سرخیوں میں ہیں۔

اور اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ جیکولین کا سکیش چندر شیکھر کے ساتھ نام سامنے آنے کے بعد انہیں فلم سے ہاتھ دھونا پڑگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جیکولین فرنینڈس پون کلیان کی تیلگو فلم کا حصہ تھیں لیکن اب انہیں فلم سے نکال دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جیکولین اور نورا کا جیل میں بند مجرم سے کروڑوں کے تحائف لینے کا انکشاف

تاہم  فلم کے ہدایت کار کرش جگرلامودی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے فلم سے باہر ہونے کا سکیش چندر شیکھر کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے جیکولین کی فلم سے باہر ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جیکولین شوٹنگ کی تاریخ کے مسائل کی وجہ سے فلم کرنے سے قاصر تھیں اس لیے وہ فلم سے باہر ہوگئیں اور ہم نے ان کی جگہ اداکارہ نرگس فخری کو کاسٹ کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: جیکولین سے 200 کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں پوچھ گچھ

انہوں نے میڈیا پر بھڑکتے ہوئے کہا کہ میڈیا غیر ضروری طور پر ایک پرانے معاملے کو ایسے وقت میں اٹھارہاہے جب اداکارہ خبروں میں ہیں۔ میں دوبارہ کہتا ہوں کہ جیکولین کو فلم سے نکالنے کا معاملہ ایک سال پہلے ہوا تھا۔

واضح رہے کہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس اور نورا فتیحی کا دھوکے بازی اور بھتہ خوری میں ملوث مجرم سکیش چندر شیکھر سے کروڑوں کے تحائف لینے کا انکشاف ہوا تھا۔ اسی کیس کے سلسلے میں اداکارہ سے کئی بار پوچھ گچھ بھی کی جاچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔