آج کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے تفضل رضوی کو بحال کرنے کا فیصلہ

تفضل رضوی 12سال سے پاکستان کرکٹ بو رڈ کے وکیل ہیں اور آج تک ایک بھی کیس نہیں ہارے


Sports Reporter February 11, 2014
تفضل رضوی 12سال سے پاکستان کرکٹ بو رڈ کے وکیل ہیں اور آج تک ایک بھی کیس نہیں ہارے ۔فوٹو:فائل

منگل کو مینجمنٹ کمیٹی کے رسمی اجلاس میں اقبال قاسم، ظہیر عباس اور نوید اکرم چیمہ سمیت دیگر ارکان کی موجودگی میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

عامر سہیل کی بطور چیف سلیکٹر اور ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ تقرری کو خلاف ضابطہ قرار دیدیا جائے گا، ذاکر خان کی بطور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز ترقی اور قومی ٹیم کا منیجر بنائے جانے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، مزید معلوم ہوا ہے کہ تفضل رضوی کو پی سی بی میں قانونی مشیر کی ذمہ داری واپس ملنے کا قوی امکان ہے۔گذشتہ روز انھوں نے چیئرمین پی سی بی سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تفصیلی ملاقات کی، نجم سیٹھی نے ان سے نہ صرف بورڈ کے قانونی معاملات پر بات چیت کی بلکہ انھیں ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالنے کا گرین سگنل بھی دیا۔

میڈیا سے بات چیت میں چیئرمین نے کہا کہ تفضل رضوی 12سال سے پاکستان کرکٹ بو رڈ کے وکیل ہیں اور آج تک ایک بھی کیس نہیں ہارے ، تفضل رضوی نے صر ف یہ کہا تھاکہ عدالت کا تفصیلی فیصلہ آنے دیں پھر عہدہ سنبھالیے گا لیکن انھیں برطرف کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے پیٹرن انچیف میاں نواز شریف کی طرف سے مکمل اختیارات ملنے کے بعد سلیکشن کمیٹی اور بورڈ ملازمین سے معاہدے ایک ماہ کے بجائے طویل عرصے کیلیے ہوں گے، اس حوالے سے بھی مینجمنٹ کمیٹی منگل کو تبادلہ خیال کرے گی۔