سلمان خان کو سانپ نے کاٹ لیا

جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت سلمان اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر گپ شپ لگارہے تھے، بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک December 26, 2021
سلمان خان جن کی کل 56ویں سالگرہ ہے اس وقت وہ اپنے فارم ہاؤس میں ہیں فوٹوفائل

ISLAMABAD: بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو سانپ نے کاٹ لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو ان کے پنویل کے فارم ہاؤس میں اتوار کی صبح کے اوقات میں سانپ نے کاٹ لیا۔ جس کے بعد انہیں فوراً نوی ممبئی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

خوش قسمتی سے سلو میاں کو کاٹنے والا سانپ زہریلا نہیں تھا۔ علاج کے بعد سلمان خان کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور اس وقت بالی ووڈ اسٹار گھر میں آرام کررہے ہیں۔

سلمان خان جن کی کل 56 ویں سالگرہ ہے اس وقت اپنے فارم ہاؤس میں ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ سانپ کے کاٹنے کا واقعہ ان کے فارم ہاؤس کے گارڈن میں پیش آیا۔ سلمان خان کا فارم ہاؤس بہت بڑا اور جنگل کے علاقے میں واقع ہے جس میں بہت سارے جانور، نباتات اور پرندے وغیرہ بھی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت سلمان اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر گپ شپ لگارہے تھے کہ اچانک سلمان نے اپنے بازو میں ڈنک محسوس کیا اور ہاتھ کو جھٹک دیا اسی وقت ان کے ایک دوست نے سانپ دیکھا جس کے بعد وہ لوگ گھبراگئے اور مدد کے لیے پکارنے لگے۔

سلمان خان کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 6 سے 7 گھنٹوں تک رہے۔ طبی امداد کے بعد انہیں واپس پنویل کے فارم ہاؤس منتقل کردیا گیا۔ سانپ زہریلا نہیں تھا جس کی وجہ سے سلمان خان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس وقت وہ ٹھیک ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ سلمان خان نے اپنے فارم ہاؤس کے آس پاس کئی سانپ دیکھے ہیں اور وہ اپنے فارم ہاؤس کی دیکھ بھال کرنے والے نگران کو محتاط رہنے کی بھی ہدایت کرچکے ہیں۔ یہ پہلی بار ہے کہ انہیں کسی سانپ نے کاٹا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلو میاں اپنی 56 ویں سالگرہ کا جشن منانے کے لیے اپنے فارم ہاؤس گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں