کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران 3 افراد ہلاک

بزنس ریکارڈر روڈ پر نرس، سرجانی میں 38 سالہ شخص، جوہر موڑ پر ڈاکٹر کمال الدین کونشانہ بنایا گیا


Staff Reporter February 12, 2014
بزنس ریکارڈر روڈ پر نرس، سرجانی میں 38 سالہ شخص، جوہر موڑ پر ڈاکٹر کمال الدین کونشانہ بنایا گیا۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

ISLAMABAD: کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران 3افرادہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 55 سالہ ریٹا زوجہ سیموئل ہلاک ہوگئی،وہ بزنس ریکارڈر روڈ پر قائم نجی اسپتال میں بطورنرس ملازمت کرتی تھی،وقوعہ کے وقت وہ اسپتال سے ڈیوٹی ختم کرکے اپنی رہائش گاہ واقع جہانگیر روڈجارہی تھی کہ تین ہٹی کے قریب یوٹیلٹی اسٹورکے سامنے مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئی ۔سرجانی یوسف گوٹھ کلوہوٹل کے قریب تھلے پرموٹر سائیکل ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے جہاں 38 سالہ زاہددوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ زخمی ہونے والے راشد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے،مقتول زاہد کاتعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایاگیاہے تاہم اس کی فوری طور پرتصدیق نہیں ہوسکی،مقتول نیو کراچی کارہائشی اور4 بچوں کا باپ تھا۔لیمارکیٹ چوک پردودھ منڈی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ عمران رضا زخمی ہوگیا۔

لیاری کا علاقہ دن بھرفائرنگ کی آوازسے گونجتا رہا،گینگ وارملزمان نے ایک دوسرے پر آزادانہ جدید اسلحے سے فائرنگ کی جس کی زد میں آکر متعدد افرادزخمی ہوگئے ،کلری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے28سالہ شعیب،کمیلہ اسٹاپ پر 65سالہ لیاقت ، لی مارکیٹ میں نورانی بس اسٹاپ کے قریب35سالہ امیربخش زخمی ہوگیا۔رینجرزسندھ کی جانب سے ملیرکے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کی جانے والی گرفتاریوں کے خلاف مشتعل افراد ملیر کالا بورڈ ،نیشنل ہائی وے اور کورنگی کی طرف جانے والی شارع کوبلاک کر دیا جس کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔اس دوران کورنگی مرتضیٰ چورنگی کے قریب پیپلز پارٹی لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی خورشیدجونیجو کا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھاکہ لوٹ مار دیکھتے ہوئے ان کے محافظ نے ڈاکوؤں کو بھگانے کیلیے ہوائی فائرنگ کی جس پرڈاکوؤں کی جوابی فائرنگ سے ایک گولی پولیس اہلکار قلندر بخش کی ٹانگ پر لگی جس سے وہ زخمی ہوگیاجبکہ ڈاکوفرار ہوگئے۔رات گئے جوہرموڑ کے قریب کار پر فائرنگ سے 45 سالہ ڈاکٹر کمال الدین جاں بحق ہوگئے۔