عائشہ عمر اور اشنا شاہ صلاح الدین ایوبی سیریز کا حصہ بن گئیں

ویب ڈیسک  جمعرات 30 دسمبر 2021
سیریز سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کے لیے دروازے کھل جائیں گے، ایگزیکٹو پروڈیوسر سیریز عدنان صدیقی - فوٹو:فائل

سیریز سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کے لیے دروازے کھل جائیں گے، ایگزیکٹو پروڈیوسر سیریز عدنان صدیقی - فوٹو:فائل

 کراچی: پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی چار نامور شخصیات ترکی اور پاکستان کی مشترکہ کوششوں سے مسلمانوں کے ہیرو صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والی ڈرامہ سیریز میں اداکاری کریں گے۔ عائشہ عمر اور اشنا شاہ بھی سیریز کا حصہ بن گئی ہیں۔

ایسوسی ایٹ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق اشنا شاہ، عدنان جیلانی، فرحان آغا اور عائشہ عمر کو کراچی اور لاہور میں سیریز کے لیے ہونے والے آڈیشن کے پہلے مرحلے میں منتخب کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صلاح الدین ایوبی ہمارے ہیرو نہیں ہیں، عفت عمر

آڈیشن میں 6 ہزار سے زائد پیشہ ورانہ اور ابھرتے ہوئے فنکاروں نے آزمائش کے لیے درخواستیں دیں۔ تاہم ان میں سے صرف 62 اداکاروں کو شارٹ لسٹڈ کیا گیا ہے۔ سیریز کو پاکستان اور ترک میں دکھایا جائے گا۔

سیریز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر اور معروف اداکار عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر جنید علی شاہ نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیریز کے لیے پُرجوش ہیں اور ڈرامہ سیریز پاکستانیوں کو ضرورت حیرت زدہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ترکی کا صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈرامہ بنانے کا اعلان

عدنان صدیقی نے مزید کہا کہ اس سیریز سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کے لیے دروازے کھل جائیں گے اور پاکستان ترکی کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں قدم جما سکے گا۔

ترک پروڈیوسر ایمرے کونک کا کہنا ہے کہ ترک پروڈکشن ہاؤس ’اکلی فلمز‘ اور پاکستانی ادارے ’انصاری اینڈ شاہ فلمز‘ کے مابین صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والی سیریز پر معاہدہ طے پاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صلاح الدین ایوبی کی سیریز نے ریلیز ہونے سے قبل ہی مقبولیت حاصل کرلی ہے، اس کا انداز آڈیشن کے لیے موصول کی گئیں درخواستوں سے ہی لگایا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔