پہلا ٹی ٹوئنٹی بنگلہ دیش کی کشتی ساحل پر آکر ڈوب گئی

فتح کی امیدیں جگانے والے انعام آخری گیند پر فیصلہ کن اسٹروک کھیلتے ہوئے آئوٹ


Sports Desk February 13, 2014
چٹاگانگ: پہلے ٹوئنٹی20میچ میں بنگلہ دیشی پلیئر ناصر حسین ڈائیو لگا کر سنگاکارا کا کیچ تھام رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کی کشتی ساحل پر آکر ڈوب گئی، 169 رنز کے تعاقب کے دوران فتح کی امیدیں جگانے والے انعام الحق آخری گیند پر فیصلہ کن اسٹروک کھیلتے ہوئے آئوٹ ہوگئے، پُراعتماد 58 رنز کی اننگز بے کار گئی، سری لنکا نے2 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

اس سے قبل آئی لینڈرز نے مین آف دی میچ کوشل پریرا کے 64 رنز کی بدولت 168 رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کو تمیم اقبال( 30 ) اور شمس الرحمن(22) نے 52 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ بعدازاں انعام الحق نے شکیب الحسن 26 کے ساتھ 43 رنز کی شراکت سے فتح کی جانب سفر جاری رکھا، ناصر حسین 16اور متھن علی بغیر کوئی رن بنائے ساتھ چھوڑ گئے۔ آخری اوور میں 17 رنز درکار تھے، تشارا پریرا کی تیسری گیند پر فرہاد رضا( 7) کے آئوٹ ہونے کے باوجود انعام الحق نے امیدیں برقرار رکھیں۔

آخری گیند پر 3رنز کی ضرورت تھی لیکن انھوں نے فل ٹاس پر بولرز کو ہی کیچ تھما کر میزبان شائقین کو مایوسی میں دھکیل دیا۔ کولا سیکرا اور تشاراپریرا نے 2،2 جبکہ لسیتھ مالنگا اور اجنتھا مینڈس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سری لنکن اوپنر دلشان بغیر کوئی رن آئوٹ ہوئے۔ کوشال پریرا نے 64 رنز کی اننگز کھیلی، انھوں نے دوسرے اینڈ پر دنیش چندیمل 18،سنگاکارا 11، سیکوگے پرسنا 4 کی وکٹیں گرتے دیکھیں، انجیلو میتھیوز 11 رنزبناسکے۔ کولا سیکرا نے 21 گیندوں پر 31 رنز اسکور کرکے تشارا پریرا 19 ناٹ آئوٹ کے ساتھ ٹیم کا ٹوٹل 7 وکٹ پر پہنچادیا، مشرفی مرتضیٰ ، شکیب الحسن اور عرفات سمیع نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔