پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایٹمی تعاون کی خبریں بے بنیاد ہیں دفتر خارجہ

سول جوہری پلانٹس پر آئی اے یو اے کی جانب سے طے کردہ تمام سیکیورٹی سہولیات موجود ہیں، تسنیم اسلم


ویب ڈیسک February 13, 2014
پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے مفادات کے خلاف استعمال نہ ہو۔، تسنیم اسلم فوٹو: فائل

KARACHI: دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایٹمی تعاون کی خبریں بے بنیاد ہیں اور اس میں کوئی صداقت نہیں۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ہوئے ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان کے کئی ایٹمی پلانٹ ہیں, سول ایٹمی پلانٹس پر آئی اے یو اے کی جانب سے طے کردہ تمام سیکیورٹی سہولیات موجود ہیں، سعودی عرب کے ساتھ ایٹمی تعاون کے حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد اور غیر حقیقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں حادثے کا شکار ہونے والا پاکستانی طالب علم شاہ زیب اسپتال میں زیر علاج ہے جسے 90 ہزار ڈالر علاج کی غرض سے دئیے گئے ہیں، اس کے علاوہ امریکا میں پاکستانی سفارت خانہ اس کے خاندان سے مکمل رابطے میں ہے اور ہر قسم کی مدد کررہا ہے اور یہ شاہ زیب کے خاندان پر منحصر ہے کہ وہ اسے واپس لانا چاہتے ہیں یا نہیں۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے کشمیر کی سرحد پر کشمیریوں کی تجارت بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے لائن آف کنٹرول پر تجارت کے حوالے سے ورکنگ گروپ میں رواں ماہ ملاقات ہوگی جس میں ایسے اقدامات پر غور کیا جائے گا، وزیر تجارت خرم دستگیر کے دورہ بھارت کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان چند معاملات پر بات ہوئی تھی لیکن بھارت نے پاکستان کی چند سفارشات کو رد کردیا جس کی وضاحت مانگی گئی تو بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا اور بھارتی وزیر تجارت نے دورہ پاکستان بھی منسوخ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا کسی ملک سے کوئی بھی معاہدہ کرنا اس کا اندرونی معاملہ ہے ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے مفادات کے خلاف استعمال نہ ہو۔

مقبول خبریں