ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 قومی اسکواڈز کا اعلان آج متوقع

انجرڈ عرفان کی شرکت مشکوک، عمر گل، طلحہٰ اور فوادعالم کے انتخاب پر غور


Sports Reporter February 14, 2014
انجرڈ عرفان کی شرکت مشکوک، عمر گل، طلحہٰ اور فوادعالم کے انتخاب پر غور۔ فوٹو: فائل

ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20کیلیے قومی اسکواڈز کا اعلان جمعے کو متوقع ہے، دوبارہ انجرڈ ہونے کی وجہ سے محمدعرفان کی شرکت مشکوک ہوگئی۔

عمر گل کے انتخاب کا امکان روشن ہے، محمد طلحہٰ اور فواد عالم بھی مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں، عمر اکمل کوون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ معین خان اور سلیکٹرز نے دونوں فارمیٹ کے کپتانوں مصباح الحق اور محمد حفیظ سے مشاورت مکمل کرلی،حتمی فیصلوں سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس پر غور کیا جائے گا۔ دوسری طرف محمد عرفان ایک بار پھر انجری کا شکار ہوگئے ہیں، قومی ٹوئنٹی 20ٹورنامنٹ میں ملتان ٹائیگرز کے پیسر نے 2 میچز میں 5 اوورز کرائے، وہ انجری کی وجہ سے لاہور لائنز کیخلاف کوارٹر فائنل نہ کھیل پائے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی واپس آگئے۔

ذرائع کے مطابق ایم آر آئی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا، پیسر کی ایشیا کپ میں شرکت کا امکان باقی نہیں رہا، ورلڈ ٹوئنٹی20میں شمولیت بھی مشکوک ہے، ایک ہی نوعیت کی انجری دوبارہ ہونے کے بعد ان کا انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے درکار فٹنس برقرار رکھنا انتہائی مشکل نظر آرہا ہے،عرفان کا خلا عمر گل پُر کریں گے، محمد طلحہٰ اور فواد عالم بھی مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں جبکہ عمر اکمل کوون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔ ٹوئنٹی 20کرکٹ کیلیے ان کی سرفراز احمد کے ساتھ ٹائی ہوگی۔