منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے فیصلے کے بعد حریم شاہ کا پیسوں کی منتقلی سے انکار

ویب ڈیسک  جمعرات 13 جنوری 2022
میں نے وہ ویڈیو مذاق میں بنائی تھی ، حریم شاہ فوٹوفائل

میں نے وہ ویڈیو مذاق میں بنائی تھی ، حریم شاہ فوٹوفائل

کراچی: ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کے فیصلے کے بعد رقم کی لندن منتقلی سے انکار کردیا۔

حریم شاہ کی حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ہزاروں پاؤنڈ لندن منتقلی کا اعتراف کررہی تھیں۔ حریم شاہ نے کہا تھا میں پہلی بار پاکستان سے ایک بھاری رقم لے کر لندن آرہی تھی۔ مجھے کسی نے کچھ نہیں کہا کیونکہ میں قانونی طریقے سے لندن آئی ہوں۔

حریم شاہ کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے نے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردیں

تاہم اب منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے اعلان کے بعد حریم شاہ نے پیسوں کی لندن منتقلی سے ہی انکار کردیا۔ حریم شاہ نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ میں نے نہ کبھی منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی مجھے اس کے متعلق کچھ پتہ ہے۔

ٹک ٹاک اسٹار نے بتایا کہ میں نے وہ ویڈیو مذاق میں بنائی تھی۔ دراصل میں اپنے بھائی کے آفس میں آئی تھی جہاں کچھ رقم پڑی ہوئی تھی لہذا میں نے ان کی اجازت سے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی۔ اس کے علاوہ وہ رقم بھی غیر قانونی نہیں تھی اسلیے ہمیں ویڈیو بناتے وقت کوئی خوف نہیں تھا۔

حریم شاہ نے کہا جو منی لانڈرنگ کرتے ہیں وہ بتاکر نہیں کرتے۔ میں امیگریشن کلیئر کرکے قانونی طریقے سے آئی ہوں لہذا میں نے کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی۔

واضح رہے کہ  انٹرنیٹ پر وائرل ہو نے والی ویڈیو میں حریم شاہ نے بتایا تھا کہ وہ پہلی بار بھاری رقم لے کر لندن پہنچ گئیں ہیں اور انہیں پاکستان کے ایئرپورٹ پر کسی نے نہیں روکا اور نہ روک سکتا ہے۔ ٹک ٹاکر کا کہنا تھا پاکستان میں قانون صرف غریب کے لیے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔