لاہورمیں خاتون ڈاکٹر اور اس کے تین بچوں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد

ویب ڈیسک  بدھ 19 جنوری 2022
چاروں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، ریسکیو ذرائع۔  فوٹو:فائل

چاروں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، ریسکیو ذرائع۔ فوٹو:فائل

لاہور: کاہنہ گجومتہ کے علاقہ میں واقع ایک گھر سے خاتون سمیت تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ 

ایدھی ترجمان کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ گجومتہ میں واقع ایک گھر سے خاتون اور اس کے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں ماں، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے، اور چاروں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور پولیس اور فرانزک ایک ٹیم کی کاروائی کے بعد لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ڈاکٹر ناہید مبارک زوجہ سبطین احمد عمر 40/42 سال، تیمور سلطان عمر  20/21سال، ماہ نور فاطمہ عمر 15/16 سال اور جنت فاطمہ عمر 09/10 سال پسران سبطین احمد سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان گھر سے چار افراد کی لاشیں ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے، اور کہا ہے کہ فرانزک ٹیموں کی مدد سے واقعہ کی فوری تحقیقات کی جائیں، ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، اور تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کی جائے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔