سلیکٹرز کا ریورس گیئر کامران پر پھر مہربان

وکٹ کیپربیٹسمین ورلڈ ٹوئنٹی کیلیے15رکنی قومی اسکواڈ میں شامل،شعیب ملک کی بھی واپسی،ایشیا کپ کیلیے ون ڈے سےاسدشفیق ڈراپ


Sports Reporter February 15, 2014
فوادعالم کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کاانعام مل گیا،سرفرازکسی اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکے،عمر گل اور طلحہٰ دونوں فارمیٹ میں ایکشن میں نظرآئیں گے۔ فوٹو: فائل

مستقبل کیلیے ٹیلنٹ کی تلاش کاکھوکھلا نعرہ بلند کرنے والے قومی کرکٹ سلیکٹرز ریورس گیئر لگاتے ہوئے کامران اکمل پر ایک بار پھر مہربان ہوگئے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین کوآئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی کیلیے15رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا، آل رائونڈر شعیب ملک کی بھی واپسی ہوگئی،ایشیا کپ کیلیے ون ڈے ٹیم سے اسد شفیق ڈراپ ہو گئے، فواد عالم کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا فوری انعام مل گیا، انجری مسائل سے نجات پانے والے عمر گل اور محمد طلحہٰ دونوں فارمیٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے، سرفراز احمد کسی اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکے، انجری نے محمد عرفان کی انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری طویل کردی،آئوٹ آف فارم ناصر جمشید کو اس بار بھی زیر غور نہیں لایا گیا، ون ڈے ٹیم کا کپتان مصباح الحق کوبرقرار رکھا گیا ہے، ٹوئنٹی 20 میں قیادت بدستور محمد حفیظ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ناقص فارم کی وجہ سے ماضی میں کئی بار ٹیم سے ڈراپ کیے جانے والے کامران اکمل گذشتہ سال مارچ کے بعد سے کسی ٹوئنٹی20انٹرنیشنل میچ میں ملک کی نمائندگی نہیں کرپائے، جمعے کو ورلڈ ایونٹ کیلیے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو حیران کن طور پر ان کا نام بھی شامل تھا، کامران دورئہ آسٹریلیا2009میں ناقص پرفارمنس کے بعد ٹیم سے باہر کیے گئے تھے،انٹیگریٹی کمیٹی سے کلیئرنس کے بعد وہ ایک بار پھر

اسکواڈ میں شامل ہوئے،ورلڈ کپ2011کے بعد بھی ان کی چھٹی کی گئی،کم بیک ہوا پھر چیمپئنز ٹرافی کے بعد ناقص کارکردگی پر ڈراپ کردیاگیا،اس سے قبل بھی انھیں کبھی ٹیسٹ توکبھی ون ڈے ٹیم سے باہر کیا جاتا رہا، اب ایک اور موقع دیا گیا ہے، ان کی جگہ گلوز سنبھالنے والے چھوٹے بھائی عمر اکمل بھی اسکواڈ میں موجود ہونگے، شعیب ملک کی بھی ٹیم میں واپسی ہوگئی، آل رائونڈر نے مختصر فارمیٹ کا آخری میچ نومبر 2013میں یو اے ای میں پروٹیز کے خلاف کھیلا تھا،بعد ازاں ان فٹ ہونے کے باوجود انھیں جنوبی افریقہ روانہ کردیاگیا جہاں سے بغیر کوئی میچ کھیلے وطن واپس آگئے۔

ایشیا کپ کیلیے ون ڈے اسکواڈ سے اسد شفیق کو ڈراپ کردیا گیا،ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کی بنیاد پر فواد عالم کو صلاحیتوں کے اظہار کا ایک اور موقع مل گیا، پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں انجری کا شکار ہونے والے عمر گل اور سری لنکا کے مقابل ٹیسٹ میں آزمائے جانے والے محمد طلحہٰ بھی دونوں فارمیٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ آئی لینڈرز کے خلاف تاریخی ٹیسٹ فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے سرفراز احمد دونوں اسکواڈز سے نظر انداز کردیے گئے،انجری نے محمد عرفان کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے انتظار طویل کردیا۔

طویل قامت پیسر کو کسی فارمیٹ کی ٹیم میں شامل کرنے کا خطرہ مول نہیں لیا گیا، آئوٹ آف فارم ہونے کے سبب باہر ہونے والے ناصر جمشید کو اس بار بھی زیر غور نہیں لایا گیا، انجری کے باعث ٹیم سے کچھ عرصے باہر رکھے جانے والے ذوالفقاربابر کا نام ٹوئنٹی 20اسکواڈ میں شامل ہے،سہیل تنویر کو صرف مختصر فارمیٹ تک محدود کردیا گیا۔ایشیا کپ کیلیے ون ڈے ٹیم کا کپتان مصباح الحق کو برقرار رکھا گیا ہے، دیگر کھلاڑیوں میں محمدحفیظ،شرجیل خان، احمدشہزاد،صہیب مقصود، عمراکمل، شاہدآفریدی، سعید اجمل، عبدالرحمان، جنیدخان، عمرگل،انورعلی، فواد عالم، بلاول بھٹی اور محمدطلحہ شامل ہیں۔ورلڈ ٹوئنٹی20 میں قیادت محمد حفیظ کریں گے، دیگر کھلاڑی سہیل تنویر، سعید اجمل، ذوالفقاربابر، کامران اکمل،عمرگل، شعیب ملک، محمدطلحہٰ،جنیدخان،شرجیل خان، صہیب مقصود، عمراکمل، شاہد آفریدی،بلاول بھٹی اور احمدشہزاد ہیں۔