قومی ٹی20 ایونٹ فکسنگ اسکینڈل کی چھان بین شروع

ذمہ داری انتخاب عالم کے سپرد،باسط کے الزامات کا اینٹی کرپشن یونٹ جائزہ لے گا،سیٹھی


Sports Reporter February 15, 2014
ذمہ داری انتخاب عالم کے سپرد،باسط کے الزامات کا اینٹی کرپشن یونٹ جائزہ لے گا،سیٹھی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے قومی ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ کے فکسنگ اسکینڈل کی چھان بین شروع کر دی، ذرائع کے مطابق تحقیقات کی ذمہ داری ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انتخاب عالم کو سونپی گئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ باسط علی کے الزامات کا اینٹی کرپشن یونٹ جائزہ لے گا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹوئنٹی 20 کے دوران سیالکوٹ اسٹالینز اور کراچی ڈولفنز کا میچ فکسڈ ہونے کے الزامات کی تحقیقات شروع ہو گئی، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ذمہ داری ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انتخاب عالم کے سپرد کی گئی ہے،سابق کپتان متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے کسی نتیجے تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری طرف ایک انٹرویو میں چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی نے کہاکہ باسط علی نے فکسنگ کے حوالے سے جو الزامات لگائے اینٹی کرپشن یونٹ ان کا جائزہ لے گا۔

انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ اس بات کو بھی پیش نظر رکھیں کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر سمیت چند پلیئرز مجھ سے ناراض ہیں۔ ایک سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ کوچ فائنڈنگ کمیٹی نے معین خان کو پہلا اور وقار یونس کو دوسرا بہترین انتخاب قرار دیا تھا، اسی لیے نمبر ون کو ہیڈ کوچ بنا دیا گیا، میری سابق فاسٹ بولر سے دبئی میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، نہ ہی اس کے بعد کوئی ایسا موقع آیا، منگل کو ان سے پہلی بار ملا ہوں، وقار یونس کو حقیقی پروفیشنل پایا، آنے والے وقت میں ان کو ضرورکوئی ذمہ داری دیں گے۔ انھوں نے ایک بار پھر اپنا موقف دہرایا کہ سروس رولز کے تحت ایک لاکھ روپے سے زائد تنخواہ پر کسی کو ملازم رکھنے کیلیے اشتہار دینا ضروری ہے، اسی لیے ذکاء اشرف کی طرف سے کی جانے والی تقرریاں خلاف ضابطہ قرار پائیں۔