لاہور دھماکے کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ، دو گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جنوری 2022
فوٹو اے ایف پی

فوٹو اے ایف پی

 لاہور: انارکلی دھماکے میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، پولیس نے دو سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انارکلی بم دھماکے میں اہم ترین پیش رفت سامنے آگئی، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مبینہ دو سہولت کاروں کو آج صبح حراست میں لے لیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق دونوں سہولت کار مچھلی منڈی کے قریب پناہ لیے ہوئے تھے، دونوں کو سی سی ٹی وی بیک ٹریک کرکے گرفتار کیا گیا، مبینہ سہولت کاروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کی جاری ہے اور ان سے ان کے دیگر ساتھیوں اور مدد گاروں سے متعلق دریافت کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور نیو انار کلی بازار میں دھماکے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق، 29 زخمی

جیو فینسنگ مکمل، مشکوک فون کالز شارٹ لسٹ

قبل ازیں پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھماکے کی جیوفینسنگ مکمل کرلی گئی ہے، مشتبہ کالز شارٹ لسٹ کرنی شروع کردی ہیں اور تفتیش کا دائرہ  کار دوسرے اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے، شبہ ہے کہ سہولت کار اور ہینڈلر کسی اور ضلع سے لاہور آئے، اس ضمن میں مشتبہ افراد کا ریکارڈ اکٹھا کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان اکیلے اسلام آباد نہ آئیں بلاول کو بھی ساتھ لائیں، شیخ رشید

پولیس کا کہنا ہے کہ سہولت کاروں اور مبینہ دہشت گرد کے درمیان رابطہ رہا ہے، جائے وقوع سے حاصل مشتبہ افراد کو تصاویر کی مدد سے ٹریس کیا جارہا ہے تاہم تفتیش مکمل ہونے تک کسی کو حتمی ملزم قرار نہیں دے سکتے۔

دھماکے کے چھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک

دریں اثنا بم دھماکے میں زخمیوں کا علاج و معالجہ جاری ہے۔ ایم ایس میو اسپتال کے مطابق بم دھماکے کے زخمی 21 سالہ شیراز کی حالت تشویش ناک ہے، شیراز رکشا ڈرائیور ہے اور انارکلی سواری اتارنے آیا تھا، ہسپتال میں زیر علاج مزید 5 مریضوں کی حالت بھی تشویش ناک ہے جب کہ دیگر مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جنہیں بہترین طبی سہولیات دیں جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو لاہور نیو انارکلی بازار میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔