بھارتی گلوکار ہنس راج ہنس لاہور پہنچ گئے

لاہوریوں کی مہمان نوازی کی مثال نہیں ملتی، ہنس راج


Qaiser Iftikhar February 16, 2014
جب بھی پاکستان آنے کی دعوت ملتی ہے تو تمام مصروفیات ختم کرکے دوڑا چلا آتا ہوں، ہنس راج۔ فوٹو: فائل

بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہنس راج ہنس واہگہ بارڈر کے راستے گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے جہاں وہ آج ایک میوزک پروگرام میں پرفارم کریں گے۔

لاہور پہنچنے پر'' نمائندہ ایکسپریس '' سے گفتگو کرتے ہوئے ہنس راج ہنس نے مجھے جب پاکستان آنے کی دعوت ملتی ہے تواپنی تمام مصروفیات ختم کرتے ہوئے دوڑا چلا آتا ہوں۔ پروگرام میںپرفارمنس تو اک بہانہ ہے، اصل میں بزرگوں کی درگاہ پرحاضری اورقریبی دوستوں کے ساتھ مل بیٹھنے کا موقع مل جاتاہے۔کئی بار پاکستان آچکا ہوں لیکن لاہوریوں کے پیار اور چاہت میںکمی کی بجائے اضافہ ہی ہوا ہے ۔

میرے آنے سے قبل ہی قریبی دوستوں کے فون آنے لگتے ہیں جومیزبانی کی خواہش اس محبت، چاہت اوراحترام سے کرتے ہیں کہ انکارکرتے ہوئے دل پرپتھر رکھنا پڑتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان آنے کا موقع کبھی جانے نہیں دیتا۔دعا ہے کہ پاکستان اوربھارت کے تعلقات مستحکم ہوں اورنفرت کی دیواریں ایسی گریں کہ پھرکوئی انہیں دوبارہ کھڑا کرنا بھی چاہے تواس کوکامیابی نہ مل سکے۔