ویمنز اسکواش 6غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گی

20 فروری سے راولپنڈی میں شیڈول ایونٹ میں بھارت اورچین کی 2,2 پلیئرز شریک


Sports Reporter February 16, 2014
20 فروری سے راولپنڈی میں شیڈول ایونٹ میں بھارت اورچین کی 2,2 پلیئرز شریک۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل ویمنز اسکواش چیمپئن شپ 20 فروری سے سفاری کلب بحریہ ٹائون راولپنڈی میں شروع ہوگی، ایونٹ میں بھارت اور چین کی 2،2 جبکہ سری لنکا اور کوریا کی ایک، ایک پلیئر صلاحیتوں کا اظہار کریں گی، 29 میزبان کھلاڑیوں کو بھی پرفارم کرنے کا موقع ملے گا۔

بحریہ ٹاون کے وائس چیف ایگزیکٹیو کموڈور(ر) ایم الیاس نے میڈیا کو بتایا کہ4ہزار ڈالر انعامی رقم کے اس ایونٹ کا اختتام 24 فروری کو ہوگا، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری گروپ کیپٹن عامر نواز اورکوچ فہیم گل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کی نمبر ون کھلاڑی ماریہ طور ایونٹ میں شرکت کیلیے خصوصی طور پر امریکا سے یہاں آ رہی ہیں، ایونٹ پی ایس ایف اور ورلڈ ویمنز اسکواش ایسوسی ایشن سے منظور شدہ ہے ، اس کے انعقاد کا مقصد ملک کے حوالے سے پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کرنا ہے، انھوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کیلیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔