بلوچستان میں فورسز کے کیمپوں پر حملوں میں 13 دہشت گرد ہلاک، 7 فوجی شہید

ویب ڈیسک  جمعرات 3 فروری 2022
دہشت گردوں کے رابطے بھارت اور افغانستان سے ملتے ہیں، آئی ایس پی آر فائل فوٹو

دہشت گردوں کے رابطے بھارت اور افغانستان سے ملتے ہیں، آئی ایس پی آر فائل فوٹو

 راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئے کلیئرنس آپریشن میں 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ پاک فوج کے 7 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوجی کیمپس پر حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد ہلاک اور ایک افسر سمیت سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعظم

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوشکی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا ’فوری جواب‘ دیا گیا۔

دوسری جانب پنجگور میں فورسز پر حملے میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ 3 فوجی شہید اور 4 زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے چار سے پانچ دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ دہشت گردوں کے رابطے بھارت اور افغانستان سے ملتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔