مایوسی دور ٹی 20ورلڈ کپ سے قبل کینگروز کا اعتماد بحال

مختصر طرزمیں کوئی بھی ٹیم اپنے سے کہیں زیادہ بہتر سائیڈ کو زیر کرسکتی ہے،کپتان


Sports Desk September 12, 2012
مختصر طرزمیں کوئی بھی ٹیم اپنے سے کہیں زیادہ بہتر سائیڈ کو زیر کرسکتی ہے،کپتان فائل فوٹو

دبئی (اسپورٹس ڈیسک) ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کینگروز کا اعتماد بحال ہوگیا۔

پاکستان کے خلاف آخری معرکے میں شاندار فتح نے آسٹریلوی مایوسی دور کردی، کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ کارکردگی میں بہتری سے سیریز کا نتیجہ دھندلا کر رہ گیا، ٹی 20 میں کوئی بھی ٹیم بہترین سائیڈ کو زیر کرسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تین میچز کی سیریز کے ابتدائی دو مقابلوں میں شکست کے باوجود آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیل میں بہتری کی کوششیں جاری رکھیں، جس کا نتیجہ اسے آخری مقابلے میں 94 رنز کی شاندار فتح کی صورت میں مل گیا، اس سے جہاں میگا ایونٹ سے قبل کینگروز کا اعتماد بحال ہوگیا۔

وہیں گرین شرٹس کے ہاتھوں سیریز میں 2-1 سے ناکامی کا داغ بھی چھپ کر رہ گیا۔کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ہم نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران اپنے کھیل پر سخت محنت کی جس کا نتیجہ آخر کار کامیابی کی صورت میں برآمد ہوا، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری محنت رنگ لا رہی اور یہی ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔

اس فتح سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا اگرچہ سیریز میں کامیابی ضروری مگر کھیل میں مسلسل بہتری لانا زیادہ اہم ہے۔ انھوں نے پاکستان کو خطرناک ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس ناقابل یقین سائیڈ اور بہترین کرکٹ کھیل سکتے ہیں، ہم بھی اپنے اچھے دن میں ایسا کرنے کے اہل ہیں، میرے خیال میں ٹوئنٹی 20 کچھ اسی قسم کا فارمیٹ ہے اس میں کوئی بھی ٹیم اپنے سے کہیں زیادہ بہتر سائیڈ کو زیر کرسکتی ہے۔

مگر اس کیلیے ضروری ہے کہ آپ کے بہترین اور خراب کھیل میں زیادہ فرق نہیں ہونا چاہیے۔ جارج بیلی نے تسلیم کیا کہ اوپنرز کے دھواں دار آغاز کی وجہ سے باقی ٹیم کا بھی اعتماد بحال ہوا، انھوں نے کہا کہ وارنر او واٹسن کی بیٹنگ دیکھتے ہی ہمیں میچ پر کنٹرول کا یقین ہوگیا، انھوں نے ہمارا کام انتہائی آسان بنادیا، گلین میکسویل ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہورہے ہیں، ورلڈ کپ میں کنڈیشنز کے مطابق پلیئنگ الیون میدان میں اتاریں گے۔