دہشت گردوں کے خاتمے کیلیے پوری قوم متحد ہے ثروت اعجاز

سیکیورٹی فورسز محفوظ نہیں تو عوام کو کیا تحفظ فراہم کریں گے،سربراہ سنی تحریک


Staff Reporter February 18, 2014
سیکیورٹی فورسز محفوظ نہیں تو عوام کو کیا تحفظ فراہم کریں گے،سربراہ سنی تحریک۔ فوٹو: فائل

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت دہشت گردی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔

مٹھی بھر دہشت گردوں کے خاتمے کیلیے پوری قوم متحد ویکجا ہے،کراچی کو امن کا گہوارہ بنانا ہے تو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو سیاسی دبائو سے چھٹکارا دلانا ہوگا،دہشت گردوں سے کس کوکیا فائدہ ہوگا یہ سب جانتے ہیں، شریعت کے نام پر کھیل مزید نہیں کھیلا جاسکتا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اہلسنت پر صحافیوں سے گفتگو میں کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کے مثبت نتائج برآمد نہ ہونا حکومتی ناقص پالیسیوں کا شاخسانہ ہے، انھوں نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے والے پولیس، رینجرز، سیکیورٹی فورسز محفوظ نہیں تو عوام کو کیا تحفظ فراہم کریں گے، حکومت دہشت گردوں کیخلاف اپنی پالیسیوں پرنظرثانی کرے۔