اہم ممالک سے رقوم کی آمد میں کمی اگست میں ترسیلا زرایک ارب 26 کروڑ ڈالرتک محدود

گزشتہ ماہ 5 کروڑ ڈالر کم موصول ہوئے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکا،۔۔۔۔


Business Reporter September 12, 2012
جولائی تا اگست 2012 کے دوران ماہانہ اوسط ترسیلات زر 1 ارب 23 کروڑ 18لاکھ 50 ہزار ڈالر رہیں۔ فائل فوٹو

بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرز نے رواں مالی سال کے دوسرے ماہ (اگست 2012) کے دوران 1 ارب 25 کروڑ 89 لاکھ80 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجیں۔

جبکہ اگست 2011 میں 1 ارب 31 کروڑ 4 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی گئی تھیں، اس طرح گزشتہ ماہ 5 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار ڈالر یا 3.93فیصد کم ترسیلات زر بھیجی گئیں، اس کے باوجود مالی سال 2012-13 میں اب تک بھیجی گئی ترسیلات زر گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 2.36 فیصد یا 5 کروڑ 69 لاکھ 10 ہزار ڈالر زیادہ ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ ماہ سعودی عرب سے سال بہ سال 16 لاکھ70ہزار ڈالر کمی سے 30 کروڑ 81 لاکھ ڈالر، متحدہ عرب امارات 2 کروڑ 92 لاکھ ڈالرکمی سے 26 کروڑ 52 لاکھ 60 ہزار، امریکا 3 کروڑ 22لاکھ 70ہزار ڈالر کمی سے 23 کروڑ 13 لاکھ 10 ہزار ڈالر، برطانیہ 2 کروڑ 16 لاکھ 70 ہزار ڈالر کے اضافے سے 18 کروڑ 55 لاکھ 70 ہزار ڈالر۔

جی سی سی ممالک (بشمول بحرین، کویت، قطر اور سلطنت عمان) 5 لاکھ 80ہزار ڈالر کی کمی سے13 کروڑ 37 لاکھ 30 ہزار ڈالر، یورپی یونین 96 لاکھ 40 ہزار ڈالر کی کمی سے 3 کروڑ 27 لاکھ 40ہزار ڈالر اور ناروے، سوئٹزرلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ممالک سے2لاکھ ڈالر کے اضافے سے 10کروڑ 22 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق سال 2012-13 کے پہلے 2 ماہ (جولائی اور اگست) کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرز کی جانب سے 2 ارب 46 کروڑ 36 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی ترسیلات زر 2 ارب 40 کروڑ 67 لاکھ 80 ہزار ڈالرکے مقابلے میں 2.36 فیصد یا 5 کروڑ 69 لاکھ 10 ہزار ڈالر زیادہ رہیں۔

گزشتہ 2 ماہ کے دوران سعودی عرب سے 65 کروڑ 77 لاکھ 80 ہزار ڈالر، متحدہ عرب امارات 50 کروڑ 58 لاکھ ڈالر، امریکا 44 کروڑ 66 لاکھ 10 ہزار ڈالر، برطانیہ 33 کروڑ 40 لاکھ 60 ہزارڈالر، جی سی سی ممالک (بشمول بحرین، کویت، قطر اور سلطنت عمان) 27 کروڑ 40 لاکھ 90 ہزار ڈالر، یورپی یونین 6 کروڑ 35 لاکھ70ہزار ڈالر اور ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان و دیگر ممالک سے 18 کروڑ 17 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

جولائی تا اگست 2012 کے دوران ماہانہ اوسط ترسیلات زر 1 ارب 23 کروڑ 18لاکھ 50ہزار ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی اوسط ترسیلات زر 1 ارب 20 کروڑ 33 لاکھ 90 ہزار ڈالر رہی تھیں۔