کرکٹ کی گرجتی توپوں کو خاموش کرنے کی تیاری

تنقیدی نشتر چلانے میں مشہور سرفراز قذافی اسٹیڈیم آنے پر چیئرمین کے گن گانے لگے


Sports Reporter February 20, 2014
لاہور: تربیتی کیمپ کے دوسرے روز پاکستانی نائب کپتان حفیظ اسٹروک کھیلنے کیلیے تیار۔ فوٹو: اے ایف پی

پی سی بی نے گرجتی توپوں کو خاموش کرنے کی تیاری کرلی، تنقیدی نشتر چلانے میں مشہور سرفراز نواز قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد چیئرمین کے گن گانے لگے۔

نجم سیٹھی کی سابق بورڈ سربراہان سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، گذشتہ دنوں خالد محمود آئے،اگلے مرحلے میں بگ تھری پر مشورے دینے کیلیے عارف عباسی آئیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تک سابق ٹیسٹ پیسر سرفراز نواز چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی کو آڑے ہاتھوں لے رہے تھے، مگر قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کرنے کے بعد ان کے گن گانے لگے ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مشاورت اچھی بات ہے، بگ تھری پر مل جل کر ملکی مفادکیلیے فیصلہ کرنا چاہیے، نجم سیٹھی کی موجودگی میں پاکستان کرکٹ میں بہتری آئے گی۔ دوسری جانب نجم سیٹھی نے گذشتہ روز سابق بورڈ چیف خالد محمود سے ملاقات کی۔

انھوں نے اس موقع پر آئی سی سی میں بگ تھری کی اجارہ داری کے معاملے سمیت کرکٹ کے دیگر امور پر اپنی تجاویز دیں۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں خالد محمود نے کہا کہ نجم سیٹھی کے ساتھ ان کی ملاقات اچھی رہی، پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلیے میرے اور ان کے خیالات میں زیادہ فرق نہیں، ہمیں ملکی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے بگ تھری کے بارے میں ایک مشرکہ لائحہ عمل اختیارکرنا ہوگا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی بگ تھری کے معاملے پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے میں اس معاملے پرمشاورت مکمل کر لی جائے گی۔