رکشا سے اغوا ہونے والی خاتون سے اجتماعی زیادتی کا ڈراپ سین

میرے ساتھ کسی نے زیادتی نہیں کی، متاثرہ خاتون اپنے بیان سے منحرف ہوگئی


ویب ڈیسک February 26, 2022
میرے ساتھ کسی نے زیادتی نہیں کی، متاثرہ خاتون اپنے بیان سے منحرف ہوگئی. فوٹو : فائل

بیدیاں روڈ پر رکشا سے اغوا ہونے والی خاتون نے اجتماعی زیادتی کے الزام کو غلط فہمی قرار دے دیا۔

ایس پی کینٹ عیسی سکھیرا کے مطابق لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ سے ایک خاتون نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، پولیس نے خاتون کی مدعیت میں تین نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ رکشا میں سفر کررہی تھی کہ رکشا خراب ہو گیا، وہ رکشے سے اتر کر سڑک کنارے کھڑی ہوگئی کہ ایک کار پر سوار 3 ملزمان نے اسے تنہا دیکھ کر اغوا کرلیا، گاڑی میں موجود تین افراد نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔

ایس پی کینٹ نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی درخواست پر تھانہ ہیر میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، اور جدید ٹیکنالوجی اور کیمروں کی مدد بھی حاصل کی تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے سامنے لایا جائے۔

دوسری جانب خاتون سعیدہ ناز کے ساتھ گینگ ریپ کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا، 53 سالہ خاتون سعیدہ ناز نے نامزد ملزمان کے خلاف الزام کو غلط فہمی قرار دے دیا، خاتون نے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ میں بیان ریکارڈ کروا دیا، اور کہا کہ میرے ساتھ کسی نے زیادتی نہیں کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون اس سے قبل 2014 میں اسی طرح کی زیادتی کی درخواست دے چکی ہے۔

اس سے قبل واقعے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے بیدیاں روڈ پر خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی، اور ڈی آئی جی آپریشنز کو متاثرہ خاتون سے فوری رابطہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی شناخت کے لیے فوری ٹھوس اقدامات کیے جائیں، ملزمان کو ٹریس کرکے جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا، درندہ صفت ملزمان رعائیت کے مستحق نہیں، سخت ترین سزا دلوائی جائے گی اور متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

 

مقبول خبریں