سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  جمعـء 4 مارچ 2022
(فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا)

(فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا)

بنکاک / سڈنی: آسٹریلیا کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔

آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن دل کا دورہ پڑنے کے باعث 52 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئے ہیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن چھٹیاں گزارنے کے لیے تھائی لینڈ کے علاقے کوہ سمائی میں قائم اپنے ولا میں موجود تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

شین وارن کے کیریئر پر مختصر نظر

سابق ٹیسٹ کرکٹر شین وارن کا کرکٹ کیرئیر 1992ء سے 2007ء پر محیط رہا، انہوں نے 145 ٹیسٹ اور 194 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹی 20 کرکٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 70 تھی۔

دوسری جانب شین وارن کے انتقال پر سابق اور موجودہ کرکٹرز کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔ شعیب اختر نے لکھا کہ شین وارن کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا، وہ لیجنڈ تھے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ وقار یونس نے لکھا کہ شین وارن کے انتقال کی خبر کرکٹ کے حلقوں پر بجلی بن کر گری ہے، وہ اس دور کے سپراسٹار تھے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ لیگ اسپن کی یونیورسٹی کو ہم نے کھو دیا ہے، میں اپنے کیرئیر کے آغاز سے ہی ان کی باؤلنگ سے متاثر تھا اور ان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک اعزاز کی بات تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔