پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 2 مجرموں کو 2 بار پھانسی کا حکم

اسلحہ ایکٹ میں 14 برس قید، منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم، ملزمان کو چشم دید گواہوں نے شناخت کیا


Staff Reporter February 22, 2014
اتحاد ٹاؤن میں اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار عمر اور فاضل کو روکنے کی کوشش کی جس پر مجرموں نے فائرنگ کردی تھی۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 2مجرموں کو2 بارپھانسی کی سزا سنائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو جیل حکام نے قتل ، اقدام قتل ، پولیس مقابلہ اور اسلحہ ایکٹ کے علاوہ دہشت گردی کے الزام میں ملوث محمد عمر اور محمد فاضل کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر2 کے روبرو پیش کیا تھا، فاضل عدالت نے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے محمد عمر اور محمد فاضل کو جرم ثابت ہونے پر 2 مرتبہ موت کی سزا سنائی ہے ،فاضل عدالت نے اسلحہ ایکٹ کے 2 مقدمات میں مجرم محمد عمر کو 14 برس قید جبکہ مجرم محمد فاضل کو اسلحہ ایکٹ کے مقدمے میں 7برس قید کی بھی سزا سنائی ہے ،فاضل عدالت نے مجرموں کی منقولہ اورغیر منقولہ جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیاہے۔

استغاثہ کے مطابق 17 مئی 2012کو اتحاد ٹائون میں تھانہ موچکوکے اہلکاروں نے دوران چیکنگ موٹر سائیکل سوار مذکورہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی جس پر مجرموں نے رکنے کے بجائے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کرکے اہلکار محمد عارف اور محمد خان کوشہید کردیا تھا،ملزمان کی فائرنگ سے راہ گیر لال محمد زخمی ہوگیا تھا اورملزمان مقتولین پولیس اہلکاروںکی ایس ایم جی رائفلیں بھی لے گئے تھے، پولیس نے 25 مئی کو محمد خان کالونی سے مقابلے کے بعد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا اور مجرم محمد عمر کی نشاندہی پر اتحاد ٹائون کے پلاٹ سے پولیس کی ایس ایم جی برآمد کی تھی ، دوران سماعت مجرموں کو چشم دید گواہ طارق جاوید و دیگر گواہوں نے شناخت بھی کیا تھا اور 13گواہوں کے بیانات نے استغاثہ کوجرم ثابت کرنے میں مدد دی، ملزمان کے خلاف تھانہ موچکو میں مقدمات درج تھے۔