پاکستان میں میزائل تکنیکی غلطی کے باعث گرا، بھارت کا اعتراف

ویب ڈیسک  جمعـء 11 مارچ 2022
میزائل معمول کیمینٹیننس کے دوران فائر ہوگیا، فوٹو: فائل

میزائل معمول کیمینٹیننس کے دوران فائر ہوگیا، فوٹو: فائل

نئی دہلی: پاکستان کی حدود میں میزائل گرنے پر بھارت نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تکنیکی غلطی کے باعث میزائل فائر ہوگیا جس پر افسوس ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ایس پی آر کے میجر جنرل بابر افتخار نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ 9 مارچ کی صبح بھارت نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اور ایک مشتبہ شے پاک حدود میں گری تھی۔

جس کے بعد بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں اعتراف کیا گیا ہے کہ 9 مارچ کو تکنیکی خرابی کے سبب غلطی سے میزائل فائر ہو گیا تھا جو پاکستانی حدود میں گرا۔ تکنیکی غلطی معمول کی مینٹیننس کے دوران ہوئی۔

وزارت دفاع کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم حکومت نے اس افسوسناک واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بھارت نے دوسری مرتبہ ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے جس پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ بلا کر احتجاج ریکارڈ کراویا اور وضاحت طلب کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔