ماڈلز کیساتھ بدتمیزی؛ مقبول برانڈ کا ثنا جاوید سے علیحدگی کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 16 مارچ 2022
اداکارہ ثنا جاوید پر گزشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جارہی ہے فوٹوفائل

اداکارہ ثنا جاوید پر گزشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جارہی ہے فوٹوفائل

کراچی: متعدد ماڈلز اور میک اپ آرٹسٹ کی جانب سے اداکارہ ثنا جاوید پر نامناسب رویہ اختیار کرنے کے الزامات لگائے جانے کے بعد پاکستان کے مقبول برانڈ نے اداکارہ سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

ڈراما سیریل ’’خانی‘‘ اور ’’پیارے افضل‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ثنا جاوید پر گزشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔ متعدد میک اپ آرٹسٹس، اداکاروں اور ماڈلز نے سیٹ پر ثنا جاوید کی ان کے ساتھ بدسلوکی اور برے رویے کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

ماڈل منال سلیم، عمیر وقار، اکرام گوہر، ریان تھامس، انیلا مرتضیٰ، واجد خان، ہانش قریشی سمیت متعدد شوبز شخصیات نے ثنا جاوید کو بدتمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کا رویہ سیٹ پر ان کے ساتھ بہت برا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اداکارہ ثنا جاوید پر پابندی کا مطالبہ کیوں کیا جارہا ہے؟

شوبز شخصیات کی جانب سے مسلسل الزامات لگائے جانے پر اداکارہ ثنا جاوید نے ان تمام لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سائبر کرائم میں شکایت بھی  درج کروائی ہے۔

تاہم اب پاکستان کے ایک مقبول برانڈ نے اس تمام تنازع کے پیش نظر ثنا جاوید سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔ برانڈ نے ثنا جاوید سے علیحدگی کے اعلان سے متعلق ایک باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔ برانڈ نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ انہوں نے خود کو ثنا جاوید سے الگ کرلیا ہے جو کہ عید کی تشہیری مہم کے لیے ان کے برانڈ کا مرکزی چہرہ تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ثنا جاوید کا پروپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

نوٹس میں کہا گیا کہ ماڈل منال سلیم اور دیگر عملے کے ساتھ ان کی عید کی تشہیری مہم کے فوٹوشوٹ کےدوران بات چیت ہوئی۔ یہ سارا واقعہ برانڈ کے لیے بھی پریشان کن تھا اور ثنا جاوید سے علیحدگی کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے۔

سرکلر میں مزید کہا گیا کہ عید کی مہم کسی اور مشہور شخصیت کے ساتھ دوبارہ شوٹ کی گئی ہے، کیونکہ ہم عوامی جذبات کا احترام کرتے ہیں۔ بیان میں فیشن برادری سے گزارش کی گئی کہ براہ کرم ان برانڈز کا بھی خیال رکھیں جو اپنے وقت اور محنت کے علاوہ ایسے شوٹ پر لاکھوں خرچ کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل قریشی کی بیٹی اداکارہ ثنا جاوید پر برس پڑیں

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ماڈل منال سلیم نے ثنا جاوید کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ وہ اب مزید کسی اداکارہ کے ساتھ کام نہیں کریں گی، کیونکہ یہ اداکارائیں ہمیں ’’دو ٹکے کی ماڈلز‘‘ سمجھتی ہیں۔ منال سلیم کے بعد متعدد میک اپ آرٹسٹوں اور اداکاروں نے بھی ثنا جاوید کے رویے کو نامناسب قرار دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔