پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی فضل الرحمان

لانگ مارچ کے حوالے سے کون کہاں سے نکلے گا اس سوال کا جواب ابھی آپ کو نہیں ملے گا، پی ڈی ایم سربراہ


ویب ڈیسک March 16, 2022
مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی ملاقات کی تصویر (فوٹو پی ایم ایل این)

جمعیت علما اسلام اور اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے مشترکہ گفتگو کرتے جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ اور جلسہ منسوخ ہونے سے متعلق سوال پر صحافی کو کہا کہ 'آپ اپنا سوال اپنے پاس رکھیں، لانگ مارچ کے حوالے سے کون کہاں سے نکلے گا اس سوال کا جواب ابھی آپ کو نہیں ملے گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'مجھے آصف زرداری کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے جانا تھا مگر وہ خود مہربانی کر کے ہمارے پاس تشریف لے آئے، لانگ مارچ کی دعوت دینے سے قبل آصف زرداری نے کہا میں یہ پہلے ہی قبول کر چکا ہوں'۔

مسلم لیگ ن کا او آئی سی اجلاس سے مکمل اظہارِ یکجہتی

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسلامی وزرائے خارجہ کانفرنس سے مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے اس کی کامیابی کے لیے دعا کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 23 مارچ کو او آئی سی کے مہمان یہاں آئیں گے، جن کی میزبانی پاکستان کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطع نظر کے بدترین حکومت ہے جس سے ہمارے سیاسی اختلافات ہیں اُس کے باوجود ہم او آئی سی کانفرنس کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ شہباز شریف نے او آئی سی کے اجلاس سے مکمل یکجہتی کا اعلان بھی کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں رانا ثناء اللہ، سعد رفیق، ایاز صادق، ملک احمد خان سمیت دیگر لیگی رہنما شریک ہوئے جبکہ جے یو آئی سے سینیٹر کامران مرتضی، عبد الغفور حیدری اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور حکومتی اتحادیوں سے ملاقات تفصیلات سے آگاہ کیا۔

 

مقبول خبریں