وہاب ریاض نے ایشیا کپ میں قومی ٹیم کو فیورٹ قرار دیدیا

ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کے باوجود منتخب نہ ہونے پرافسوس ہوا، پیسر


Sports Reporter February 23, 2014
ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کے باوجود منتخب نہ ہونے پرافسوس ہوا، پیسر۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

فاسٹ بولر وہاب ریاض نے ایشیا کپ میں قومی ٹیم کو فیورٹ قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس گزشتہ ایڈیشن کی طرح اس بار بھی ایشیائی ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

ایف سی کالج لاہور میں کرکٹ فیسٹیول کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کے باوجود ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر افسوس ہوا لیکن بولنگ مزید بہتر بناتے ہوئے جلد کم بیک کروں گا ۔انھوں نے کہا کہ میرا کام محنت کرنا ہے جب سلیکٹرز نے بہتر سمجھا ٹیم میں دوبارہ شامل کر لیں گے ، ایک سوال پر وہاب ریاض نے کہاکہ میری ازدواجی زندگی اچھی گزر رہی ہے، اہلیہ کو کرکٹ کی سمجھ نہیں لیکن پھر بھی مجھے سپورٹ کرتی ہیں۔

انھوں نے ایف سی کالج کرکٹ فیسٹیول میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہاں معیاری کرکٹ کھیلی جاتی ہے، کالج لیول پر تسلسل کے ساتھ مقابلوں کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا۔ دریں اثنا ایف سی کالج کرکٹ فیسٹیول کے فائنل میں احمد سعید الیون نے ریکٹر الیون کو9وکٹ سے شکست دے دی، ناکام سائیڈ نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں130 رنز بنائے، جواب میں احمد سعید الیون نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف ایک وکٹ پر مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں پورا کرلیا، وہاب ریاض نے بطور مہمان خصوصی انعامات تقسیم کیے،اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس ایف سی کالج بابر کامل و دیگر بھی موجود تھے۔