کراچی فائرنگ اور پرتشدد واقعات 2 سیاسی کارکنوں سمیت 6 ہلاک لیاری میں گینگ وار جاری

کورنگی 4 پر ایم کیو ایم،اتحاد ٹائون میں اےاین پی کاکارکن ماراگیا،سخی حسن،میٹروول اورسپرہائی وےگل محمد گوٹھ میں3افراقتل


Staff Reporter February 23, 2014
نوالین،دھوبی گھاٹ، آٹھ چوک اور کلاکوٹ میں گینگسٹرز دندناتے رہے،علاقہ دھماکوں اورفائرنگ سے گونجتا رہا، فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران2سیاسی کارکنوں سمیت6افرادہلاک ہوگئے جبکہ عذیراوربابالاڈلہ کے کارندوں نے لیاری کومیدان جنگ بنادیا،لیاری کے مختلف علاقے دن بھر دھماکوں اورفائرنگ کے آوازسے گونجتے رہے ،پولیس اوررینجرزنے شہریوں کو گینگسٹرز کے رحم کو چھوڑدیا۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی4 نمبرپرسیکٹر50-Aمیں قائم بیت الحق مسجدکے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے26سالہ حیدرعلی ہلاک جبکہ25سالہ شاہدزخمی ہوگیا،مقتول متحدہ قومی موومنٹ کی ایم اوسی کا سیکٹر ممبر تھاجس کاآبائی تعلق گلگت بلتستان سے تھاجبکہ وہ علاقے میں قائم بلتی پاڑہ کارہائشی تھا،وہ چھپراہوٹل پرکھارہا تھاکہ موٹر سائیکل سوارافرادآئے اورفائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔اتحادٹائون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے40سالہ زربدین ہلاک جبکہ12سالہ راحت گل زخمی ہوگیا،مقتول اپنے رکشا میں بیٹھاتھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے جنھیں دیکھتے ہی وہ بھاگاتاہم ملزمان نے تعاقب کے بعد فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا۔عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان عبدالمالک کے مطابق مقتول ان کی جماعت کا کارکن تھا،مقتول کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے سخا کوٹ سے تھا۔

شارع نورجہاں کے علاقے سیکٹر14-B شادمان ٹاؤن ایک نمبرسخی حسن قبرستان کے قریب واقع مکان نمبر R-690 کے باہرموٹر سائیکل پرسوار2ملزمان نے فائرنگ کر کے 35 سالہ عارف کوہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے، عارف ڈیوٹی پر جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کردی،مقتول نارتھ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب واقع ایک انشورنس کمپنی کاملازم تھا،مقتول کی سیاسی یامذہبی جماعت سے وابستگی کے حوالے سے معلوم نہیں ہوسکا، مقتول2بچوں کا باپ تھا۔سپرہائی وے صنعتی ایریاتھانے کے علاقے گل محمدگوٹھ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے27 سالہ عرفان ہلاک ہوگیا۔ مقتول علاقے میں کیبل آپریٹرکاکام کرتاتھا۔سائٹ ایریامیٹروول میں قبرستان کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے45 سالہ یار محمدہلاک ہوگیا ، مقتول اپنے گھرکے باہر کھڑاتھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان فائرنگ کرکے فرارہوگئے ۔گارڈن دھوبی گھاٹ کشتی مسجدکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے6سالہ ذیشان شدید زخمی ہوگیا۔

شاہنواز بھٹو کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ جہانگیر زخمی ہوگیا۔لیاری نوا لین اوردھوبی گھاٹ میں بابالاڈلہ اور عذیر بلوچ کے کارندوں کے درمیان مورچہ بند فائرنگ اورایک دوسرے پر دستی بم ، کریکر ، راکٹ اور اوان گولوں کے حملوں کا سلسلہ ہفتے کوبھی جاری رہااوردن بھرلیاری کے مختلف علاقے فائرنگ اور دھماکوں سے گونجتے رہے،نوا لین گلی نمبر 23 میں گینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ اور او ان گولوں کے حملے میں30سالہ فرزانہ اور40سالہ محمد ریحان زخمی ہوگئے۔پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے دھوبی گھاٹ کے علاقے میں بابالاڈلہ کے سالے آصف نیازی کے منشیات اور جوئے کے اڈے پر چھاپہ مارا تاہم ملزمان فرار ہوگئے۔ بعدازاں پولیس نے آصف نیازی کے ٹھکانے پرموجود سامان نذر آتش کر دیا ،لیاری گینگ وارکے ملزمان کی مورچہ بندفائرنگ سے کلاکوٹ،آٹھ چوک،دبئی چوک،نوا لین،گل محمدلین،دھوبی گھاٹ اور دیگرملحقہ علاقوں میں گینگ وارکے کارندے جدیدہتھیاروں سے آزادانہ دنداناتے رہے۔

علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ گزشتہ کئی روزسے گینگ وار ملزمان میں مورچہ بند فائرنگ کاسلسلہ جاری ہے لیکن پولیس اور رینجرز میں اتنی ہمت نہیں ہوتی کہ وہ ان مقامات پر چھاپے مار کرانتہائی مطلوب ملزمان کوگرفتار کرلیں،لیاری کے مکینوں کوگینگ وارکے کارندوں کے رحم و کرم پرچھوڑدیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں رات گئے بلدیہ ٹائون میں فائرنگ سے 36 سالہ ضیا ، بنارس میں گھر کے اندر پستول صاف کرتے ہوئے اتفاقیہ طور پر گولی چل جانے سے 35 سالہ مجید خان ولد نصیر زخمی ہوگیا۔علاوہ ازیں رات گئے سپر ہائی وے پر نیو سبزی منڈی کے عقب گلشن معمار میں نامعلوم افراد کی رکشے پر فائرنگ سے رکشا ڈرائیور ہلاک ہوگیا ۔ ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کی عمر تقریباً 40 برس معلوم ہوتی ہے، فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ۔