جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز 11 سے برابر کردی

جنوبی افریقا کے 448 رنز کے تعاقب میں کینگروز 216 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ہاشم آملہ 127 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے


ویب ڈیسک February 24, 2014
آسٹریلیا کی جانب سے کرس روگر اور ڈیوڈ وارنر کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکا ۔ فوٹو:اے ایف پی

QUETTA:

جنوبی افریقا نے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 231 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔


جنوبی افریقا کے شہر پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے 192 رنز 4 وکٹ کے نقصان سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو 230 رنز پر ڈی کوک 34 رنز بنا کر نتھن لیون کا شکار بن گئے جس کے بعد پروٹیز نے 270 رنز پر اننگز ڈکلئیر کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 448 رنز کا ہدف دیا، ہاشم آملہ 127 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔


ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے پراعتماد بیٹنگ کا آغاز کیا گیا اور کرس روگر اور ڈیوڈ وارنر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز جوڑے جس کے بعد کوئی بیٹسمین وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹک سکا، کرس روگر 107 اورڈیوڈ وارنر 66 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 216 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین نے 4 اور ورنن فلینڈر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔


واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں 423 اور دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز بنا کراننگز ڈکلئیر کردی تھی جبکہ آسٹریلیا اپنی پہلی اننگز میں 246 اور دوسری اننگز میں 216 رنز بناسکا تھا۔