لندن پلان سے اقتدار میں آنے والے کو ہر چیز میں سازش نظر آرہی ہے، شہباز شریف

ویب ڈیسک  اتوار 27 مارچ 2022
عمران خان نے اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر بے تکی باتیں کرنا شروع کردیں، صدر ن لیگ فوٹو:فائل

عمران خان نے اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر بے تکی باتیں کرنا شروع کردیں، صدر ن لیگ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر عمران  خان نے بے تکی توجیہات پیش کرنا شروع کردیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ جو لندن پلان سے اقتدار میں آیا، اُسے ہر چیز میں سازش نظر آتی ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد خارجہ پالیسی کو سبوتاژ کرنے کیلئے غیرملکی فنڈنگ ہورہی ہے، وزیراعظم

انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’کسی شک یا غلطی میں نہ رہو، تم ہار چکے ہو کیونکہ تم نے عوام کو بے وقوف بنایا اور کرپٹ ترین، نااہل ترین حکومت بنائی‘۔

’عمران خان نے بطور وزیراعظم آج اپنی آخری تقریر کی‘

دوسری جانب بلاول ہاؤس کے ترجمان نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی تقریر جھوٹ، جھوٹ اور بس جھوٹ پر مبنی تھی۔

ترجمان نے کہا کہ عمران نیازی کا سرپرائز، کھودا پہاڑ نکلا چوہا، وہ بھی مرا ہوا کے مترادف ہے، فارین فنڈنگ سے پارٹی بنانے والے شخص کے منہ سے آزاد خارجہ پالیسی کی باتیں قیامت کی نشانی ہے، عمران یہ بتائیں کہ تحفہ میں ملی گھڑی دبئی میں کس نے فروخت کی۔

مزید پڑھیں: پریڈ گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کاجلسہ ناکامی سے دوچار ہوا، مریم نواز

بلاول ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ جلسے پر پانچ حکومتوں کے وسائل پانی کی طرح بہائے گئے، عمران نیازی نے بطور سلیکٹڈ وزیراعظم آخری تقریر بھی کردی، جس کے بعد اب وہ تاریخ کا ایک شرمناک باب بن گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔