وزن گھٹانے کی کوشش امام الحق کو کرکٹ میں لائی

چشمہ سجائے کتابی کیڑا لگنے والے انضمام کے بھتیجے نے انڈر19میں نام بنالیا


Sports Reporter February 25, 2014
چشمہ سجائے کتابی کیڑا لگنے والے انضمام کے بھتیجے نے انڈر19میں نام بنالیا۔ فوٹو: گیٹی امیجز

وزن گھٹانے کی کوشش نوجوان بیٹسمین امام الحق کو کرکٹ میں لائی، وہ صرف2سال کی محنت کے بعد قومی انڈر 19میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

آنکھوں پر چشمہ سجائے کتابی کیڑا نظر آنے والے کرکٹر نے ورلڈ کپ میں رنز کے ڈھیر لگا کر روشن مستقبل کی نوید سنادی۔ تفصیلات کے مطابق سابق شہرہ آفاق کرکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق نے ایک غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ مجھے بچپن میں کرکٹ سے کوئی دلچسپی نہیں تھی، زیادہ وقت گھر پر ہی گزارنے سے وزن بڑھ گیا، والد کے کہنے پر بڑے بھائی کے ساتھ میدان میں جانا شروع کیا،وہاں ساتھی کرکٹرز کو دیکھ کر شوق بڑھتا گیا، 2 سال میں اتنا کھیل نکھارا کہ نہ صرف قومی انڈر 19ٹیم میں شامل ہوا بلکہ کارکردگی میں تسلسل کی بنیاد پر نائب کپتان بھی بن گیا۔ چشمہ سجائے کتابی کیڑا نظر آنے والے دھان پان سے کرکٹر نے ورلڈ کپ میں رنز کے ڈھیر لگا کر روشن مستقبل کی نوید سنادی ہے۔

امام الحق پیر کو انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل سمیت 5 میچز میں 370رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہیں، انھوں نے کہا کہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل انضمام الحق کے ساتھ موازنہ درست نہیں، ہم 2 مختلف شخصیات ہیں، میں لیفٹ ہینڈر اور کھیلنے کا انداز بھی الگ ہے، ماموں کی بیٹنگ پاور سے سب واقف ہیں، مجھے بھی اپنی خامیوں اور خوبیوں کا اندازہ ہے، آئندہ 2 یا تین سال میں پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے اور طویل عرصے تک ملک کی خدمت کرنے کیلیے سخت محنت کررہا ہوں۔ ایک اور لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کی طرح چشمہ پہننے والے امام الحق نے لینز استعمال کرنا شروع کیے تھے لیکن ڈاکٹر نے چھوڑ دینے کا مشورہ دیا، نوجوان بیٹسمین ورلڈکپ کے بعد لیزر آپریشن کرواکے نظر کا مسئلہ حل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کی ذہنی مضبوطی کااندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ زیادہ بڑی ذمہ داری قبول کرنے کی خاطرٹیم مینجمنٹ سے خود بطور اوپنر کھلانے کی درخواست کی تھی۔