نگران وزیراعظم کی تقرری کیلیے صدر مملکت کا وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر کو خط

ویب ڈیسک  پير 4 اپريل 2022
صدر مملکت نے وزیراعظم اور اپوزیشن سے نام مانگ لیے۔ فائل : فوٹو

صدر مملکت نے وزیراعظم اور اپوزیشن سے نام مانگ لیے۔ فائل : فوٹو

 اسلام آباد: نگران وزیراعظم کی تقرری کے معاملے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھ کر نگران وزیراعظم کے لیے نام مانگ لیے۔

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر تین روز میں نگران وزیراعظم کا نام فائنل نہ کرسکے تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اسپیکر کی قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی کو دو دو نام بھجوائیں گے۔

خط کے متن کے مطابق اسپیکر اپوزیشن اور حکومتی اراکین پر مشتمل 8 رکن کمیٹی تشکیل دیں گے جو نگران وزیراعظم کا فیصلہ کرے گی اور نگران وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم فرائض سر انجام دیتے رہیں گے۔

آرٹیکل 224 اے 1 کے تحت صدر مملکت وزیراعظم اور لیڈر آف اپوزیشن کی باہمی مشاورت سے نگران وزیراعظم نامزد کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے اپوزیشن کی جانب سے جمع کروائی گئی وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کو غیر آئینی قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔

تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔