عدالت عظمٰی کا فیصلہ کسی کی ہار جیت نہیں بلکہ آئین اور قوم کی فتح ہے، متحدہ اپوزیشن

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 8 اپريل 2022
ہم سب صحیح وقت پر تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑے ہیں، خالد مقبول

ہم سب صحیح وقت پر تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑے ہیں، خالد مقبول

 اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمٰی نے نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا، یہ کسی کی ہار یا جیت نہیں بلکہ آئین، پاکستان، قوم اور عدلیہ کی جیت ہے، حکومت بنا کر مشاورت سے ملک کی خدمت کریں گے۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ سننے کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قائدین قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے جہاں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شہبازشریف نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں پاکستان کا مستقبل محفوظ ہوا، سارے سرپرائز جعلی نکلے، کسی فراڈ کی اب کوئی گنجائش نہیں۔

شہبازشریف نے واضح کیا کہ ان کی ڈکشنری میں انتقام کا لفظ نہیں ہے البتہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، اپوزیشن لیڈر نے اصلاحات کے لیے پارلیمان میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کا اعلان بھی کر دیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب جمہوریت کی بحالی کی طرف بڑھیں گے، ایسی اصلاحات کریں گے جو سب کو قبول ہوں۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا فیصلہ؛ کل یومِ تشکر منایا جائے گا، مولانا فضل الرحمان

ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم سب صحیح وقت پر تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی قرار دے کر قومی اسمبلی بحال کردی

جے یو آئی ف کے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ قوم کو منتشر ہونے سے بچانا ہے، جمہوری، معاشی اور انسانی حقوق دلوائیں گے۔ اختر مینگل کا کہنا تھا کہ مظلوموں کو امید کی کرن نظر آئی ہے، جو آنے والے وقت میں روشنی بنے گی۔ اے این پی کے امیر حیدر ہوتی نے کہا ہم وسری طرف والوں کو بھی غدار نہیں کہتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔