عمران خان سمیت پی ٹی آئی اراکین کا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان

ویب ڈیسک  پير 11 اپريل 2022
ہم قومی اسمبلی سے استعفے دے رہے ہیں، میں ان چوروں کے ساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا، عمران خان

ہم قومی اسمبلی سے استعفے دے رہے ہیں، میں ان چوروں کے ساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا، عمران خان

 اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت پی ٹی آئی اراکین نے قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا فیصلہ کرلیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس ہوا جس میں 122 ایم این ایز شریک ہوئے۔ اجلاس میں قومی اسمبلی سے استعفوں کے آپشن پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے استعفوں کی تجویز پر ارکان قومی اسمبلی سے رائے لی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے خلاف ’غیر ملکی سازش‘؛ پی ٹی آئی حامیوں کا ملک گیراحتجاج

اجلاس کے شرکاء نے عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کرائی۔ پارٹی ارکان نے کہا کہ استعفوں سے متعلق عمران خان جو فیصلہ کریں گے قبول ہوگا۔

پارٹی ارکان نے کہا کہ جو بھی وزیراعظم حکومت سے باہر نکلتا ہے تو اس پر کرپشن کے الزامات لگتے ہیں، الحمد اللہ عمران خان پر کوئی کرپشن کے الزامات نہیں ہیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی استعفوں کے آپشن پر منقسم رائے سامنے آئی۔ اکثریتی ارکان نے اسمبلیوں سے مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ استعفے دینے کی بجائے پارلیمنٹ میں جمہوری لڑائی لڑی جائے۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری، حماد اظہر، شیخ رشید، علی اعوان مستعفی ہونے کے حق میں ہیں۔ شاہ محمود قریشی، فیصل جاوید، فخر امام سمیت اکثریتی ارکان  مستعفی نہ ہونے کے حق میں ہیں۔

بحث کے بعد پارٹی نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اختیار عمران خان کو دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب حکم کریں گے استعفے جمع کرادیں گے۔

مشاورت کے بعد عمران خان نے کہا کہ میرا یہی فیصلہ ہے کہ ہم اسمبلی سے استعفے دیں گے، میں ان چوروں کے ساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا، مجھے اکیلے بھی استعفی دینا پڑا تو میں استعفی دوں گا۔

عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پر 16 ارب اور 8 ارب روپے کے کرپشن کیسز ہیں، اسے جو بھی وزیراعظم سلیکٹ اور الیکٹ کرتا ہے اس سے بڑی ملک کی توہین نہیں ہو سکتی ، ہم قومی اسمبلی سے استعفے دے رہے ہیں۔

اس فیصلے کے بعد شاہ محمود قریشی، قائم مقام اسپیکر قاسم سوری، فرخ حبیب ، شفقت محمود، مراد سعید، عالیہ حمزہ، ایم این اے شاہد خان نے اپنے اپنے استعفے دے دیے۔ پی ٹی آئی ارکان نے استعفے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عامر کیانی کے پاس جمع کروادیے۔ اب تک 125 ارکان کے استعفے آچکے ہیں۔

قبل ازیں عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو صحافی نے سوال کیا کہ کل کے عوامی احتجاج پر کیا کہتے ہیں؟۔ عمران خان نے جواب دیا کہ عزت دینے والا اللہ ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے عہدے سے ہٹانے پر پی ٹی آئی چیئرمین کی کال پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور حامیوں نے ملک گیر احتجاج کیا، جس میں مظاہرین نے اپوزیشن اور امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ اپنے قائد سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔