پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں میں 101 ملزم گرفتار

گرفتار شدگان میں 3 ڈکیت، 13 منشیات فروش اور 18 مفرورواشتہاری ملزمان شامل ہیں


Staff Reporter February 27, 2014
گرفتار شدگان میں 3 ڈکیت، 13 منشیات فروش اور 18 مفرورواشتہاری ملزمان شامل ہیں۔ فوٹو:فائل

پولیس و رینجرز نے مختلف علاقوں سے101ملزمان کو گرفتار کرلیا، تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے گلزارکالونی میں مقابلے کے بعد 2 ملزمان ثمرقند اورعبدالستار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزمان بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں،بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن بلاک 7بنگلہ نمبر ایف 9 میں چھاپہ مار کر ملزم فرانسس کو گرفتار کرلیا ،ایس پی کلفٹن ندیم راجپوت نے بتایا کہ بنگلے کی تلاشی کے دوران 153کارٹن بئیر میں 3 ہزار 600 کین جبکہ 8 کارٹن وائن میں 54 بوتلیں برآمد کرلیں،گارڈن پولیس نے 3 ملزمان ندیم ،صادق اور آغا کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، ملزمان کی نشاندہی پر موٹر سائیکل اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

علاوہ ازیں سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 97 چھاپہ مار کارروائیوں اور 2 مقابلوں کے بعد 77 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کے قبضے سے 35 ہتھیار اور منشیات برآمد کرلی گئی ،ملزمان میں 3 ڈکیت ، 13 منشیات فروش جبکہ 18 مفرور و اشتہاری بھی شامل ہیں،دریں اثنا رینجرز نے شہرکے مختلف علاقوں میں 18 ملزمان کو گرفتار کرلیا،رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے بتایا کہ وزیر بروہی گوٹھ ،کوثر ٹائون ، ضیا موڑ میٹروول ، گرم چشمہ منگھوپیر ، پٹیل پاڑہ اور مشرف کالونی میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں جبکہ نارتھ ناظم آباد میں عبداللہ کالج کے قریب ، اورنگی ٹائون میں قطر اسپتال جبکہ لیاری میں الفلاح روڈ کے قریب اسنیپ چیکنگ کی گئی،اس دوران 18 ملزمان کو گرفتار کیا گیاجن میں لیاری گینگ وار اورکالعدم تنظیم کے کارندے بھی شامل ہیں ، ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 59 ہتھیار برآمد کرلیے گئے جن میں ایس ایم جی بھی شامل ہے ۔