وزیراعظم سے امریکی کانگریس رکن الہان عمر کی ملاقات

ویب ڈیسک  بدھ 20 اپريل 2022
وزیراعظم سے الہان عمر کی ملاقات (فوٹو ریڈیو پاکستان)

وزیراعظم سے الہان عمر کی ملاقات (فوٹو ریڈیو پاکستان)

 اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ریاست ہائے متحدہ امریکا کی کانگریس الہان ​​عمر کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آج امریکی ہاؤس آف ریپریزنٹیٹیوز کی رکن الہان ​​عمر  کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے دورے پر مہمان خاتون کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ الہان عمر کے دورے سے پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور پاکستانی پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلہ خیال کو تقویت ملے گی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی احترام، اعتماد اور مساوات پر مبنی دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

ملاقات میں پاک امریکا تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور پاک امریکا تعلقات کو تقویت دینے میں سمندر پار پاکستانیوں کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قومی ترقی اور نمو میں ان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیر اعظم نے خاتون رکن کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال کو اجاگر کیا اور جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایسے اقدامات ہونے چاہیں جس سے خطہ اپنی اقتصادی صلاحیت کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لاکر سماجی ترقی کو فروغ دے سکے۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایک پرامن اور مستحکم جنوبی ایشیا ہی اپنی ترقی پر بھرپور توجہ دے سکتا ہے۔ وزیراعظم مزید کہا کہ اسلامو فوبیا جیسی برائی سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی صدر عارف علوی اور عمران خان سے ملاقاتیں

امریکی کانگریس کی رکن الہان ​​عمر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

کانگریس کی خاتون رکن الہان ​​عمر 20 سے 24 اپریل 2022 تک پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں، اس دوران وہ اسلام آباد میں قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ، وہ لاہور اور آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کریں گی تاکہ پاکستان کی ثقافتی، سماجی، سیاسی اور اقتصادی صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ سمجھ سکیں۔

الہان عمر کی وزارت خارجہ آمد

قبل ازیں امریکی کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر کی وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ آمد ہوئی جہاں وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے کہا کہ پاک امریکا کے دو طرفہ مراسم ہیں، تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔

ilhan

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدامات کے بعد مظلوم کشمیریوں کی پرزور حمایت اور ان کے حق میں آواز اٹھانے پر الہان عمر کا شکریہ ادا کیا

ممتاز پاکستانی امریکن ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔