کراچی میں ڈنگی وائرس اور سوائن فلو پھیلنے کا خطرہ

ضلع وسطی سے لیے گئے پانی کے نمونوں میں ڈنگی وائرس پھیلانے والے مچھروں کے لاروے موجود ہونے کی تصدیق، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ


Staff Reporter February 28, 2014
ڈنگی وائرس کے خاتمے کیلیے ایم اے جناح روڈ پر کے ایم سی کی اسپرے کرنے والی گاڑیاں کھڑی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی میں ڈنگی وائرس اور سوائن فلو پھیلنے کا خطرہ ہے، ضلع وسطی کے علاقوں سے لیے گئے پانی کے نمونوں میں ڈنگی وائرس پھیلانے والے مچھروں کے لاروے موجود ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ نے اسپرے مہم پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ کے ایم سی کی جانب سے 25 ہزار گپی مچھلیوں کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی ہے، ادھر سائیبریا سے آنیوالے پرندوں کی واپسی پر سوائن فلو پھیلنے کے واضح امکانات پر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اجلاس طلب کرلیا گیا، یہ پرندے اپنی بیٹ کے ذریعے اس وائرس کو پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں، سوائن فلو کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کی جائیگی، فلو کی علامات میں داخل ہونے والے مریضوںکے تمام ٹیسٹ کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد، گولیمار سمیت دیگر علاقوں سے پانی کے جوہڑوں سے حاصل کیے جانے والے پانی کے نمونوں کے کیمیائی تجزیے میں یہ بات ثابت ہوگئی کہ ان نمونوں میں ڈنگی وائرس پھیلانے والے مچھروں کے لاروے موجود ہیںاور ان کی تیزی سے افزائش بھی ہو رہی ہے۔ پانی کے نمونوں کی کیمیائی تجزیاتی رپورٹ کی روشنی میں ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ کراچی رؤف اخترفاروقی کی ہدایت پر اجلاس طلب کیا گیا جس میں میڈیکل ڈائریکٹرکے ایم سی ڈاکٹر محمد علی عباسی سمیت محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پانی کے نمونوں کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ رواں سال میں ڈنگی وائرس گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ شدت سے حملہ آور ہوسکتا ہے، اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ نے ہدایت دی کہ ڈنگی کا موسم شروع ہونے سے قبل اسپرے مہم پر خصوصی توجہ دی جائے اور اسپرے سٹرکوں پر کرنے کے بجائے گلیوں اورعلاقوں میں کیا جائے، جن مقامات کے پانی کے نمونوں میں لاروے کی تصدیق ہوئی وہاں خصوصاً اسپرے مہم جاری رکھی جائے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپرے مہم کو ملیریا کنٹرول پروگرام مانیٹرکرے گا اور رپورٹ دے گا کہ اسپرے موثر ہورہا ہے یا نہیں، ملیریا کنٹرول پروگرام مچھر ماراسپرے دوا کی بھی تصدیق کرنے کا پابند ہوگا۔

اجلاس میں بتایا کہ ڈائریکٹر فشریز نے گپیی مچھلیوں کی افزائش نسل کیلیے جو پی سی ون حکومت کو بھیجا تھا وہ ابھی تک منظور نہیں کیا گیا، علاوہ ازیں محکمہ صحت کے اسپیشل سیکریٹری ڈاکٹر منصور عباس کی ہدایت پر ای ڈی اوہیلتھ آفس میں تمام ٹاؤنز ہیلتھ افسران کا اجلاس ای ڈی او کراچی ڈاکٹر ظفر اعجازکی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں بتایا گیا کہ سوائن فلو، انفلوائینزا(فلو) کی علامات ہوتی ہے، کسی بھی فرد کو شدید فلویا انفلوائنزا ہونے کی صورت میں فوری معائنہ کرایا جائے، فلوہونے کی صورت میں بچوں کو بڑے افراد سے دور رکھا جائے۔

ای ڈی اوہیلتھ ڈاکٹر ظفر اعجاز نے صحافیوں کو بتایا کہ ملتان میں سوائن فلو رپورٹ ہونے کے بعد محکمے کے اسپیشل سیکریٹری ڈاکٹر منصور عباس کی ہدایت پر اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں کراچی میں ممکنہ خطرات سے قبل تمام حفاظتی اقدامات کی ہدایت دی گئی، انھوں نے بتایا کہ تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کردی گئی کہ فلوکی علامات میں داخل ہونے والے مریضوں کے تمام ٹیسٹ کیے جائیں، ان کا کہنا تھا سائیبریا سے آنیوالے پرندوں کی واپسی پر اس مرض کے پھیلنے کے واضح امکانات ہوجاتے ہیں کیونکہ بعض پرندے برڈ فلو، انفلوائنز وائرس سے متاثر ہوتے ہیں جو اپنی بیٹ کے ذریعے اس وائرس کو پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔