کراچی میں عید کا چاند نظر آنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے 12 افراد زخمی

اورنگی ٹاؤن پولیس نے ہوائی فائرنگ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا


ویب ڈیسک May 02, 2022
کراچی میں ہوائی فائرنگ، 12 افراد زخمی (فوٹو فائل)

شہر کے مختلف علاقوں میں عیدالفطر کا چاند نظر آنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں دو کمسن بچوں اور پانچ خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کی سخت ہدایات کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں میں عید کا چاند نظر آنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں دو کمسن بچوں اور پانچ خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اورنگی ٹاؤن پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں رضوان نامی ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قصبہ میانوالی کالونی بلال مسجد کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والے گولی لگنے سے 45 سالہ جنت بی بی ، اورنگی ٹاؤن بلوچ گوٹھ ایم پی آر کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 36 سالہ حسینہ بی بی ، مومن آباد کے علاقے رحیم شاہ کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 22 سالہ خاتون زخمی ہوگئی۔

موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ شارع نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک کیو میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 42 سالہ خاتون زخمی ہوگئی جب کہ بلدیہ سیکٹر 5 جے میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی نے 17 سالہ صدرہ کو زخمی کیا۔

رپورٹ کے مطابق بلدیہ گلشن بونیر، لانڈھی گلشن بونیر، پرانا حاجی کیمپ، آفریدی کالونی، سمیت کئی علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے شہری زخمی ہوئے۔

مقبول خبریں