ڈاکٹر کو اغوا کر کے تاوان وصول کرنیوالے2مجرموں کو عمر قید

مجرم الطاف اورہارون نےڈاکٹرخالدکواغوا کرکے20لاکھ تاوان لیا تھا،کمپنی کے ڈسٹری بیوٹر کولوٹنے والے 2مجرموں کو7، 7برس قید


Staff Reporter March 01, 2014
جیل حکام نے ملزمان الطاف حسین اور محمد ہارون کو پیشی کیلیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج جاوید عالم کے روبرو پیش کیا. فوٹو: فائل

دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اغوا برائے تاوان میں 2مجرموں کو عمر قید اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں 7برس قید کی سزا سنائی دی ہے ۔

جمعہ کو جیل حکام نے ملزمان الطاف حسین اور محمد ہارون کو پیشی کیلیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج جاوید عالم کے روبرو پیش کیا تھا ،استغاثہ کے مطابق 25 فروری2013 کو ملزمان نے سرجانی سے ڈاکٹر خالد محمود شیخ کو اغوا کیا اور3مارچ کومغوی کے اہل خانہ سے 20لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا جس پر اغوا کاروں نے مغوی کو رہا کردیا تھا، 4مارچ کو اے وی سی سی نے مخبر خاص کی اطلاع پر سرجانی سے دونوں ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا،ملزمان کے موبائل فون سے حاصل کردہ موبائل ڈیٹا نے بھی استغاثہ کی مدد کی تھی،علاوہ ازیں اسسٹنٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی ثروت سلطانہ نے ڈکیتی کے الزام میں ملوث اعجازحسین اور خورشید محمدکوجرم ثابت ہونے پر7 برس قید اورفی کس40 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ،استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 13 جون 2013 کوگلشن اقبال کے علاقے میں نورس کمپنی کے ڈسٹری بیوٹر عمار سے 4 لاکھ 59 ہزار 520 روپے لوٹ لیے تھے،شریف آباد تھانے کی حدود سے ملزمان رقم تقسیم کرتے ہوئے مخبرخاص کی اطلاع پرگرفتارہوگئے۔

پولیس نے ملزمان کو گلشن اقبال تھانے کے حوالے کردیا جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا،دریں اثنا اسی عدالت نے غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ملوث ملزم نیازحسین عرف فقیرا کو جرم ثابت ہوجانے پر 4 برس قید 20 ہزار روپے عدم ادائیگی جرمانے پر مزید ایک ماہ قید کا بھی حکم دیا ، ملزم ضمانت پر رہا تھا ،سزا سننے کے بعد ملزم نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکاروں نے گرفتارکرکے جیل بھیج دیا ،ملزم کے خلاف تھانہ الفلاح میں4 اکتوبر 2013 کوغیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، اسپیشل کسٹم کورٹ کی جج نے کسٹم ڈیوٹی چوری کرنے کے مقدمے میں ملوث ملزمان ندیم طاہر ، ایس ایم تقی ظہور سمیت5 ملزمان پر10,10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ، ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے 4.7 ملین کسٹم ڈیوٹی چوری کی لیکن مقدمات درج ہونے کے بعد کسٹم ڈیوٹی ادا کردی جس پر عدالت نے تنبیہ کرتے ہوئے جرمانے کی سزا سنادی۔