پروفیسرتقی ہادی کے قتل کے سوگ میں میٹرک بورڈ بند رہا

بورڈ میں منعقدہ قرآن خوانی و دعائیہ تقریب میں ملازمین بڑی تعداد میں شریک ہوئے


Staff Reporter March 01, 2014
پروفیسر تقی ہادی نقوی کے سوگ میں میٹرک بورڈ میں دفتری امور معطل رہنے کے باعث سناٹا چھایا ہوا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

معروف اسکالر اور ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے رکن انسپکشن کمیٹی پروفیسر تقی ہادی نقوی کے قتل کے سوگ میں جمعہ کو میٹرک بورڈ میں تمام دفتری امور معطل رہے ۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کے اعلامیے کے مطابق پروفیسر تقی ہادی نقوی شہید کے درجات کی بلندی کے لیے بورڈکے کانفرنس ہال میں قرآن خوانی و دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں بورڈ کے تمام ملازمین نے شرکت کی، اس موقع پر سیکریٹری بورڈحور مظہر نے اپنے بیان میں کہا کہ پروفیسر تقی ہادی نقوی ہمارے بورڈ کے انسپکشن کمیٹی کے اہم رکن کی حیثیت سے اپنے فرائض 2001سے سر انجام دے رہے تھے، وہ ایک فرض شناس اور ایماندار تھے، پروفیسرتقی ہادی محکمہ تعلیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی فائز رہے ۔

ان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،مرحوم علمی و دینی شخصیت تھے، مولانا حسین مسعودی نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلیے دعاکی، مولانا باقر حسین زیدی ، مولانا شاہ فیروز الدین رحمانی، سلطان مسعود شیخ اور ایپکا بورڈ یونٹ کے صدر عبدالوہاب لاکھو بھی اس موقع پر موجود تھے، ثانوی تعلیمی بورڈ کے تمام ملازمین نے اس دعائیہ تقریب میں بھرپور شرکت کی اور پروفیسرتقی ہادی نقوی اور بورڈ کے دیگر مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔