کراچی ناگن چورنگی پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث رینجرزاہلکار گرفتارمقدمہ درج

پولیس نے مقتول ذیشان کے خلاف ہی مقدمہ درج کرلیا،رینجرز اہلکار کے خلاف قتل خطا کا مقدمہ درج کیا گیا


ویب ڈیسک March 01, 2014
رینجرز اہلکار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج نہ ہونے پر مقتول کے اہل خانہ کا شدید احتجاج۔ فوٹو:ایکسپریس

نیو کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر فائرنگ کےو اقعہ میں ملوث رینجرز اہلکار کو باقاعدہ گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کےمطابق نیو کراچی پولیس نے فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا،مقدمہ مقتول کی بیوہ شافعہ کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبر 14//84 کےتحت درج کیاگیا ہے جس میں رینجرز اہلکار کو باقاعدہ ملزم بھی نامزد کیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے درج کیا جانےوالا دوسرا مقدمہ مقتول ذیشان کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں مقتول ذیشان کے خلاف اغوا کرنے کی کوشش پر دفعہ 364 اور 511 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ فائرنگ کے واقعہ میں مبینہ طور پر ملوث رینجرز اہلکار کے خلاف دفعہ 319 اور 337 ایچ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جس میں قتل خطا اور جلدبازی میں فائرنگ کی دفعات شامل ہیں اور پولیس نے رینجرز اہلکار کے خلاف باقاعدہ قتل کا مقدمہ درج نہیں کیا۔


رینجرز اہلکار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج نہ ہونے پر مقتول ذیشان کے اہلخانہ اور دیگر افراد نے نیو کراچی پولیس تھانے کے باہر شدید احتجاج کیا۔پولیس کے مطابق مقتول ذیشان کی بیوہ شافعہ کے بیانات میں تضاد ہے پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کبھی اپنے شوہر پرجھگڑے اور کبھی اغوا کرنے کا الزام لگارہی ہے تاہم پولیس نے زخمی خاتون کا ابتدائی بیان قلمبند کرلیا ہے۔

مقبول خبریں